مددگار15 کال سینٹرکے ذریعے 5 ڈاکو موقع سے گرفتا ر،اسلحہ برآمد

مددگار15 کال سینٹرکے ذریعے 5 ڈاکو موقع سے گرفتا ر،اسلحہ برآمد

کراچی (کرائم رپورٹر) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے زیر انتظا م مددگار 15 کال سینٹر پرموصول ہونے والی اطلاعات پر بر وقت اور فوری کاروائی کے نتیجے میں شہریوں سے لوٹ ماراور گھر میں ڈکیتی کرنے والے ڈاکووٗں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان بر آمد کر لیاگیا۔اے آئی جی سیکیورٹی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے بروقت کاروائی کر نے والے تھانہ ڈیفنس، کلری اور شاہ فیصل کالونی کے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بدھ کی دوپہر سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے ۔ تفصیلات کے مطابق مددگار 15 کال سینٹر پرایک شخص نے پیغام دیا کہ شاہ فیصل تھانے کی حدود میں واقع کالونی کے ایک گھر میں نامعلوم ڈاکو لوٹ ما ر کررہے ہیں جس کی فوری اطلاع تھانہ شاہ فیصل کالونی کو دی گئی ۔پولیس افسرور اہلکاربرق رفتاری سے موقع پر پہنچ گئے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو فرحت اورآصف موقع سے گرفتار ہوئے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول ، ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔مددگار 15 کال سینٹر پر اطلاع ملی کہ کالا پل پر نامعلوم ڈاکو عوام سے مختلف اشیاء چھین رہا ہے جس کی فوری اطلاع پر تھانہ ڈیفنس کے اہلکار موقع پر پہنچے جس کے نتیجے میں ملزم مہتاب عالم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ مددگار 15کال سینٹرپر ایک شخص نے اطلاع دی کہ تھانہ کلری کے علاقے میں ڈاکو فائرنگ کر رہے ہیں اورراہگیروں سے لوٹ مار کر رہے ہیں اس کی اطلاع متعلقہ افسران کو دی گئی جس کے نتیجے میں تھانہ کلری کے افسران واہلکار موقع پر پہنچ گئے ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزمان رحمان زیب اور انعام شاہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوا۔اے آئی جی مقصود احمد نے کہا ہے کہ مددگار 15 کال سینٹرکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کاوشیں جاری ہیں تاکہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو بروقت اور موقع سے گرفتا ر کیا جاسکے۔ انھوں نے پولیس افسران واہلکاروں کو کہا کہ وہ اپنے فرائض، محنت ولگن کے ساتھ انجام دیں کیونکہ کسی بھی شخص کے مشکل وقت میں کام آنا ایک عبادت ہے۔ اے آئی جی نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ جس قدر جلد ممکن ہو مددگار 15کال سینٹر پر جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے فوری اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کے نام کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ اے آئی جی مقصود احمد نے بہتر اور فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو موقع سے گرفتار کرنے پرآج دوپہر تھانہ ڈیفنس ، تھانہ کلری اور تھانہ شاہ فیصل کالونی کے افسران کو تعریفی اسناد دیں۔ جبکہ مدد گار 15 کال سینٹرپر کام کرنے والے اہلکاروں کی بہتر کارکردگی اور فوری اطلاع متعلقہ افسران کو فراہم کرنے پر تعریفی اسناد دی گئیں۔مقصود احمد نے مزید کہا کہ آئندہ کوشش کی جائے گی کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران واہلکاروں کو نقد انعامات بھی دیے جائیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...