کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ تشویشناک ہے ،علی زیدی

کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ تشویشناک ہے ،علی زیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے شہر کراچی میں بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم جیسے جرائم کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ سیکورٹی اداروں کو بھی کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے ۔علی زیدی نے مزید کہا کہ شہر کراچی میں دن دہاڑے رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزاحمت پر انسانی جانوں کا ضیاع روز کامعمول بن چکا ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس ‘‘ نرسری میں شہر کراچی کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ضلع شرقی کے آرگنائز ر بلال غفار ،ضلع غربی کے ڈپٹی آرگنائزر ادریس خان،ہمایوں خان سواتی ،شبیرخان،خورشید انقلابی ، عبدالرحمٰن عرف ناظم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام میں پولیس افسرا ن اور سیکورٹی ادارے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ حکومتی وزراء صرف اخباری بیانات جاری کر کے سب اچھا کے راگ لاپ رہے ہیں ۔ ہم حکومت سندھ اور سیکورٹی اداروں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کو اسٹریٹ کرائم ، بھتہ خوری اور لینڈ مافیا جیسے جرائم پیشہ عناصر سے چھٹکارا دلوایا جائے ۔علی زیدی نے مزید کہا کہ ان جرائم کی روک تھام کے لئے اسمبلی میں سخت قوانین پاس ہونے چاہئے۔ تاکہ جرائم پیشہ افراد کی اچھی طرح سرکوبی کی جا سکے ۔