ہنر مندافراد اقتصادی، سماجی ترقی کیلئے کنجی کی حیثیت رکھتے ہیں، بلیغ الرحمن

ہنر مندافراد اقتصادی، سماجی ترقی کیلئے کنجی کی حیثیت رکھتے ہیں، بلیغ الرحمن

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC)کے بورڈ آف مینجمنٹ کا 14واں اجلاس آج NAVTTCکے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا. جس میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے فنی صلاحیت کی حامل افرادی قوت کو ملک میں سماجی اور معاشی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا۔انہوں نے نیوٹیک کے اصلاحیتی اقدامات کو سراہا جس میں نیشنل ووکیشنل کوالیفکیشن اسٹینڈرز کی بہتری ، مہارت کی بنیاد پر تربیت فراہم کرنے ، مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت اور جاب پلیسمنٹ سینٹرز کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔ اس موقع پر ذوالفقار احمد چیمہ نے ممبران کو آگاہ کیا کہ نیوٹیک نے ان فنون میں تربیت کا آغاز کیا ہے جس کی قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں طلب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹیک ملک بھر میں جنوری اور فروری2016ء کے مہینوں میں Skill Competition منعقد کررہا ہے بعدازاں تمام صوبائی دارلحکومتوں اور صنعتی شہروں میں Job Fairsکا انعقاد کیا جائے گاجس میں نوجوانوں ، تربیت فراہم کرنے والے اداروں ، صنعتکاروں اور آجروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا جہاں تربیت یافتہ نوجوانوں کی اہلیت اور صلاحیت کو دیکھ کر صنعتکار انہیں وہیں نوکری کی پیشکش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے Job Placement Centersاور Skill Counseling Desksبھی قائم کئے جارہے ہیں۔پرائیویٹ سیکٹر کے وقار احمد نے اس اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں بور ڈ آف مینجمنٹ نے 60تربیتی منصوبوں کی منظوری دی جس میں.’’وزیراعظم کے ہنر مند پاکستان پروگرام ‘‘ کے تحت تقریبا 181.9ملین کی لاگت سے 4861نوجوانوں کوتربیت دی جائیگی ۔اجلاس میں جوائنٹ سیکریٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت تیمور خان ، DFAفنانس جوائنٹ سیکرٹری صنعت وپیداوار کے ساتھ ساتھ تمام صوبائی ٹیوٹا کے نمائندوں اور مختلف تنظیموں کے اعلی حکام نے شرکت اختیار کی .بورڈ آف مینجمنٹ نے موجودہ تربیتی ضرورتوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تقاضوں کے پیش نظر ملک بھر میں فنی تربیت کو جدید طریقہ کار کے تحت روشناس کروانے کیلئے31.2ملین روپے لاگت سے اپرنٹس شپ ٹریننگ پروگرام کے آغاز کی منظوری دی ۔ اس پروگرام کے تحت600افراد کو اعلیٰ سطح کی انڈسٹریل ٹریننگ دی جائے گی۔اجلاس میں TVETریگولیٹری فریم ورک اور فیڈرل بورڈ آف TVETریگولیشن کو تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔ صوبائی /علاقائی تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے شمالی اور جنوبی پنجاب کے 17پراجیکٹ ، سندھ کے 7پراجیکٹ ، KPK/FATA کے 15پراجیکٹ کے لئے ، بلوچستان کے 12پراجیکٹ اور اسلام آباد /گلگت بلتستان /آزاد جموں کشمیر کے 8پراجیکٹ منظور کئے گئے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...