چیمبر کے نمائندے غربت کے خاتمہ کیلئے کرداراداکریں،ماروی میمن

چیمبر کے نمائندے غربت کے خاتمہ کیلئے کرداراداکریں،ماروی میمن

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)وزیرمملکت اور بے نظیر انکم اسپورٹ کی چیئر پرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ ملک کے تمام چیمبرز اور تاجروں کی نمائندہ ایسوسی ایشنز آگے آئیں اور ملک میں غربت کے خاتمے اور نادار خواتین کو روزگار کی فراہمی کے لیے بی آئی ایس پی کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر صدر راولپنڈی چیمبر میاں ہمایوں پرویز، سینئر نائب صدر ثاقب رفیق، نائب صدر محمد عاقل عبید، گروپ لیڈر شیخ شبیر، سہیل الطاف، سابق صدر کاشف شبیر، CSRکمیٹی کے چیئر مین عبدل مجید امجد اور کمیٹی کی وائس چیئر پرسن مز فرح جاوید کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے چیئر پرسن بے نظیر انکم اسپورٹ نے کہا کہ پاکستان میں مخیر حضرات کی کمی نہیں ہے دنیا بھر میں پاکستانی سماجی بہبود ، فلاح اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں تاجر برادری خاص طور پر کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد نے قدرتی آفات، سیلاب اور زلزلے جیسی مصیبتوں میں دل کھول کر امداد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے دورے کا مقصد بے نظیر انکم اسپورٹ کے لیے تاجروں کی نمائندہ ایسوسی ایشنزکو سماجی بہبود کے اہداف حاصل کرنے کے لیے مشترکہ راہیں تلاش کرنا ہے ان میں بیماریوں سے بچاؤ، بالغوں میں خواندگی میں اضافے، بچوں میں غذائیت کی کمی دور کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا شامل ہے اس سلسلے میں وہ چیمبرز کے ساتھ بے نظیر انکم اسپورٹ کے 52لاکھ افراد کا ڈیٹا بھی شیئر کر سکتی ہیں۔راولپنڈی چیمبر کے صدر میاں ہمایوں پرویز نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام ضرورت مند وں کی مدد کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے وزیر مملکت کو چیمبر کی ان کاوشوں کے بارے میں بتایا جو وہ معاشرے کے محروم طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے کر رہا ہے انہوں نے خاص طور پر چیمبر کی CSRکمیٹی کا ذکر کیا جس کی کوششوں سے مقامی لوگوں کی مدد کے لیے چیمبر میں ڈسپنسری قائم کی گئی جہاں پر غرباء اور ضرورتمندوں کو مفت ادویات اور دوسری طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں راولپنڈی چیمبر نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں اور تھر میں امدادی ٹرک بھی بھیجے تھے انہوں نے وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ چیمبر بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے متعلق اعداد و شمار حاصل کرے گا اور BISP کے ساتھ مل کر ایک جامع پروگرام تشکیل دے گا تاکہ غریب خاندان کے افراد کوروزگارمل سکے اور وہ اپنے پاوٗں پر کھڑے ہو سکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر