مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری مثبت اقدام ،پاکستان اور بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات ملتوی کرنے پر متفق ہیں: ترجمان بھارتی وزارت خارجہ
نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوراپ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری مثبت اقدام ہے ،پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر سیکرٹری خارجہ کے مذاکرات ملتوی کرنے پر متفق ہیں۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مسعود اظہر کی گرفتاری کی باقاعدہ اطلاع نہیں ملی جیش محمد کے خلاف پاکستان میں کارروائی قابل تعریف ہے اور پاکستان کی طرف سے مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری کے حوالے سے جاری بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہم نے پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے پاکستان کو ثبوت فراہم کردیے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان تمام گروپوں کیخلاف کارروائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے ٹیم بھیجنے کی بات کی ہے ، اگر پاکستانی تحقیقاتی ٹیم بھارت آئی تو خیر مقدم کریں گے،پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پاکستان سے مکمل تعاون کریں گے۔
پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہمسائیوں سے اچھے اور دوستانہ تعلقات کرنا چاہتے ہیں ، پاک بھارت مذاکرات ری شیڈول ہوچکے ہیں اوردونوں ملک مشترکہ طور پر سیکرٹری خارجہ کے مذاکرات ملتوی کرنے پر متفق ہیں, پاک بھارت قومی سلامتی مشیر پٹھان کوٹ واقعے پر رابطے میں ہیں ، دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریز بھی رابطے میں ہیں، بہت جلد پاکستان سے جامع مذاکرات شروع ہونگے۔