سخاکوٹ‘ پیسکو درگئی کے ذریعے اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد

سخاکوٹ‘ پیسکو درگئی کے ذریعے اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) واپڈا پیسکو درگئی میں کھلی کچہری کا انعقاد،روزانہ پرمٹوں، اوور لوڈ ٹرانسفارمروں،سالہا سال پرانے بقایاجات اور ایک ایک پول میں کئی فیڈروں کے تار گزارنے کے نیچے سیفٹی جال کا نہ ہونے اور اس سے عوام کو لاحق خطرات کے بارے میں عوام نے واپڈا پیسکو سرکل سوات کے سپرنٹنڈنٹ انجینیئر محمد اسرار خان، ایکسئن شیررحمان خان، ایس ڈی اوز حضرت حسن، امیر محمد، ناصر خان، مسلم خان،سرکل سپرنٹنڈنٹ نثار خان،حضرت یوسف، محمدطارق عظیم اورہائیڈرو یونین پیسکو ڈویژن درگئی کے ڈویژنل چیئرمین جاوید خان کے سامنے کھل کر اپنے خیالات کااظہار کیا۔کھلی کچہری کاانعقاد مرکزی حکومت اور پیسکو چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر آمجد خان کے ہدایت پر واپڈا پیسکو ڈویژن درگئی میں منعقد کیاگیاتھا جس میں سوات سرکل کے ایس ای محمد اسرار خان بذات خود موجود تھے۔ اس موقع پر ضلعی ممبر فریداللہ خان، ضلعی ممبر سفیدخان دریاب،رحیم انور خان اور دیگر نے کنسٹرکشن والوں کی طرف سے روزانہ پرمٹ لینے اور پورے تحصیل درگئی کو بند کرکے تین چار بندوں سے کام کروانے کے بارے میں ایس ای سوات سرکل کو آگاہ کیاکہ کام کم کیاجاتاہے اور عوام کے روزگار کو بند کرکے کروڑوں روپے کانقصان کیاجاتاہے۔ایک ایک کھمبے میں کئی کئی فیڈروں کے تاروں گزارا گیاہے جس کے نیچھے کسی قسم کا سیفٹی جال نہیں جس سے عوام کو سخت نقصان پہنچنے کا ہر وقت خطرہ رہتاہے۔ ٹرانسفارمر جلنے کے بعد اکثرلوگ پیسے اکھٹے کرکے ٹرانسفارمر ریفئیر کرواتے ہیں اس پر پابندی لگنی چاہئے۔سفید خان دریاب نے کئی بجلی لائینوں کو آبادی سے نکالنے کی اپیل کی ۔جبکہ عام صارفین نے جرمانوں کے بلوں سے ایس ای کو آگاہ کیا اور ان سے ریلیف مانگا۔رحیم انور خان نے کہاکہ جب نئے کنکشن میں چالیس گز کے پیسے لئے جاتے ہیں تو دس گز تار دینا کہاں کا انصاف ہے۔ آخر میں ایس ای سوات سرکل محمد اسرار خان اور ایکسئن شیررحمان خان نے تقریر کرتے ہوئے کہاکہ عوام مسائل سے آگاہی اور ان سے روبرو بیٹھ کر بات کرنے کامقصد یہ ہے کہ ہمیں پتہ چلے کہ کونسے ایسے مسائل ہے جو ہم حل کرسکتے ہیں اور و ہماری بس میں نہ ہو وہ ہم اپنے حکام بالا تک پہنچائیں۔پرائیوٹ ورکشاپو ں پر ہم نے پابندی لگائی ہے کیونکہ وہ انتہائی کمزرو اور بے کار میٹیرئیل کاا ستعمال کرتے ہیں ۔کنسٹرکشن والوں کو سمجھا دیں گے اور ضرورت کے مطابق فیڈروں کو بند کریں گے۔ہمارے دفاتر عوام ہی کیلئے ہیں جو بھی مسئلہ ہو بغیر کسی جھجک کے آپ آ سکتے ہیں ،آپ کے تعاون کے بغیر ہم کچھ نہیں یہ ملک آپ کا ہے یہ ادارے آپ کے ہیں، جن لوگوں پر محکمے کی بقایاجات ہو برائے مہربانی وہ فوری ادا کرے، بجلی چوری کی روک تھام میں ہمارا ساتھ دے۔تاکہ اس ملک سے مکمل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو سکے۔