مولانا حمدا للہ المعروف ڈاگئی بابا جی کی رحلت بہت بڑا سانحہ ہے‘ مولانا حسین احمد

مولانا حمدا للہ المعروف ڈاگئی بابا جی کی رحلت بہت بڑا سانحہ ہے‘ مولانا حسین ...

پشاور(سٹی رپورٹر) وفاق المدارس خیبر پختونخوا کے میڈیا کوآرڈینیٹرمفتی سراج الحسن کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد نے معروف عالم دین مولانا حمدا للہ جان ڈاگئی بابا جی کی وفات پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی ،دینی ،سیاسی خدما ت کوزبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم تقریباً پون صدی سے دینی تعلیم کی تدریس واشاعت میں مصروف تھے۔وہ ایک علمی اثاثہ تھے۔دینی حلقو ں میں وہ ایک خاص اور منفرد مقام رکھتے تھے۔بڑے جید علماء بھی ان کے سامنے زانوتلمذ ہونے میں سعادت سمجھتے تھے۔ان کی وفات سے علمی حلقوں میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ان کی وفات نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بہت برا سانحہ ہے۔دین اسلام کی سربلندی اور نفاذ شریعت کے نفا ذ کے لیے ان کی روشن خدمات رہتی دنیا یادرکھی جائے گئی۔آپ کاقائم کردہ ادارہ جامعہ مظاہر العلوم سے ہزاروں کی تعداد میں علما ء فارغ ہوئے اور�آج دنیا کے کئی ممالک میں دینی علوم پڑھانے میں مصروف ہیں۔شعبا ن رمضان میں ان کے چالیس روزہ دورہ تفسیر سے ہزاروں علماء فیض اٹھاتے۔آپ نے علالت اور پیرانہ سالی کے باوجود آخری عمر تک اپنے قائم کردہ دارالعلوم میں درس وتدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔صوبائی ناظم نے مولانا مرحوم کی بلندی درجات کے لیے خیبر پختونخوا کے تمام مدارس میں دعاؤں اور ختم قرآن کے اہتمام کی اپیل بھی کی ہے۔انہوں نے مرحوم کے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر