بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے‘ وقار احمد

بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے‘ وقار احمد

مردان(بیورورپورٹ)ضلع ناظم وقار احمد اور ایم پی اے امیر فرزند خان نے کہاہے کہ عوام کوکم وولٹیج اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دینے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ہوسئی گرڈ اسٹیشن سے شہباز گڑھی ، بالا گڑھی اور دیگر علاقوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہوسئی گرڈا سٹیشن میں نئے فیڈر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ہوسئی گرڈ اسٹیشن کی تکمیل سے عوام کو سردی اور گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ عوام کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکے۔ضلع ناظم نے کہاکہ بجلی کی مد میں ضلع کونسل کے ارکان نے جو فنڈ مختص کیا ہے اس میں درپیش رکاوٹوں کو بھی جلد دورکیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسفار مر وں کی مرمت کے لئے صوبائی حکومت کے تعاون سے بہت جلد مردان میں بھی ورکشاپ قائم کیا جائے گا جس سے عوام کو بہت سہولت ملے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر