جنوبی اضلاع کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے : محب اللہ خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)جنوبی اضلاع کی غربت اور پسماندگی دور کرنے کے لئے صوبائی حکومت زراعت کے شعبہ میں ہر قسم کی سہولیات دینے کے لئے پرعزم ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت محب اﷲ خان نے جنوبی اضلاع کے مختلف ضلعوں کے دورے کے موقع پر کیا ۔ جنوبی وزیرستان واٹا ڈسٹرکٹ گومل زام ڈیم کا خصوصی دورہ کیا اور انہو ں نے ڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔ گومل زام ڈیم کے پاور ہاؤس میں صوبائی وزیر کو خصوصی بریفنگ دے گئی ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ گومل زام ڈیم ضلع ٹانک ڈیرہ اسماعیل اور کلاچی میں زرعی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا اس ڈیم کی مکمل ہونے کے بعد لاکھوں ایکڑ بنجر زمین زیر کاشت لائی جا سکتی ہے ۔ صوبائی وزیر نے ڈیم کے نہری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے چینل پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا ۔ محب اﷲ خان نے دورہ کے مرحلہ پر کلاچی ڈسٹرکٹ میں نو تعمیر شدہ پانی کے چینل کا معائنہ کیا اور اس سلسلے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زمینداروں پر زور دے کر کہا کہ مقامی زمینداروں کو پانی وقت پر ملنا چاہیے ۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ غریب کسانوں کو جدید سائنسی بنیادوں پر تربیت کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ علاقہ میں زرعی انقلاب آسکے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ماضی میں علاقوں کو مکمل نظر انداز کیا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے اپنے قائد کے ویژن کو آگے لے کر غریب لوگوں کو آگے لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ اس موقع پر ضلع ٹانک ، کلاچی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ممبران اسمبلی اور مقامی عمائدین نے صوبائی وزیر کی علاقے کی ترقی میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔