تعمیراتی شعبے میں 242.5 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ

تعمیراتی شعبے میں 242.5 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ

اسلام آباد (اے پی پی)رواں مالی سال (2018-19 ء)کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں تعمیرات کے شعبے میں 242.5 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد گزشتہ 10 برسوں میں اس شعبے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 2 ہزار335.9 ملین ڈالر تک پہنچ گیاہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے اعداد وشمارکے مطابق جولائی سے نومبر 2018ء کے دوران ملک میں تعمیرات کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 242.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا اورتوقع ہے کہ مالی سال کے اختتام تک اس شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم مزید بڑھ جائیگا۔ مالی سال 2009-10ء ، 2010-11، 2011-12 ء اور2012-13 میں تعمیرات کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم بالترتیب 81.5، 44.7، 41.4 اور513.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔ اسی طرح مالی سال 2013-14ء، 2014-15ء ، 2015-16ء اور2016-17 ء میں تعمیرات کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم بالترتیب 106.3، 94.6، 14.1 ، اور533.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال (2017-18ء) کے دوران پاکستان میں تعمیرات کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 708.5 ملین ڈالر رہا۔اقتصادی ماہرین کے مطابق تعمیرات کا شعبہ ان شعبہ جات میں شامل ہے جہاں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کی وجہ سے رواں مالی سال کے اختتام تک اس شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں خاطرخواہ اضافے کی توقع ہے۔

مزید : کامرس