پاکستان کلین سویپ کی طرف گامزن ، پروٹیز نے جیت کیلئے 381رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

پاکستان کلین سویپ کی طرف گامزن ، پروٹیز نے جیت کیلئے 381رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

جوہانسبرگ(سپورٹس ڈیسک)تیسرے اورآخری ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دے دیا، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 25 رنز بنا لیے ہیں۔دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری کی بدولت جنوبی افریقہ گرین کیپس کو 381 کا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوگیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے 262 رنز کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے 4 کھلاڑی 50 رنز سے پہلے ہی پویلین بھیج دیے تاہم ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 102 رنز کی شراکت قائم کی، ہاشم آملہ 72 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈی کوک نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ٹیل اینڈرز میں فلینڈر14، رباڈا 21 اور اولیور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف اور محمد عباس نے 3،3 جب کہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0۔2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی