بگ بیش لیگ،سڈنی تھنڈر نے چوتھی فتح سمیٹ لی

بگ بیش لیگ،سڈنی تھنڈر نے چوتھی فتح سمیٹ لی

سڈنی(اے پی پی) آٹھویں بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر نے چوتھی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، برسبین ہیٹ نے میلبورن رینی گیڈز کو ہرا دیا۔ آسٹریلیا میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے لیگ کے 28ویں میچ میں سڈنی تھنڈر نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 71 رنز سے شکست دے کر چوتھی کامیابی اپنے نام کی، سڈنی تھنڈر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، کپتان شین واٹسن نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، راشد خان اور بلی سٹین لیک نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17.4 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کولن انگرام 48 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ارجن نائر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں برسبین ہیٹ نے میلبورن رینی گیڈز کو شکست دے دی، برسبین ہیٹ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 192 رنز بنائے، برینڈن میک کولم نے 69 اور کپتان کرس لین نے 66 رنز کی دلکش اننگز کھیلیں، گورنے اور کرسچین نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں میلبورن رینی گیڈز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17.5 اوورز میں 91 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کیمرون بائس 25رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، ڈوگٹ اور سوپسن نے تین، تین اور لالور نے دو وکٹیں لیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی