آسٹریلیا کی اتنی کمزور ٹیم پہلے کبھی نہیں دیکھی:محمد یوسف

آسٹریلیا کی اتنی کمزور ٹیم پہلے کبھی نہیں دیکھی:محمد یوسف

کراچی(یواین پی)سابق قومی کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اگرچہ طویل فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بھی بہت اچھی نہیں لیکن وہ بھی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیت سکتی ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں آسٹریلیا کی اس جیسی کمزور ترین ٹیم دیکھنے میں نہیں آئی۔واضح رہے کہ حال ہی میں بھارت نے آسٹریلیا کو دو،ایک سے مات دے کر پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے کینگروز کو ان کی سرزمین پر ہرایا اور محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی ٹیم کی قدرو قیمت کم نہیں کرنا چاہتے جس نے شاندار کارکردگی پیش کی لیکن انہوں نے آسٹریلیا کی اتنی کمزور ٹیم پہلے کبھی نہیں دیکھی۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا کارنامہ کسی طرح بھی کمتر نہیں کہا جا سکتا جس نے سیریز جیتنے کیلئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کہ جب گزشتہ سیریز میں یو اے ای کے میدانوں پر پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک،صفر سے ہرایا تو انہیں قطعی کوئی حیرانگی نہیں ہوئی تھی کیونکہ موجودہ آسٹریلین ٹیم میں اتنی جان ہی باقی نہیں رہی ہے۔محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا جانے کا موقع ملے تو انہیں کوئی شک نہیں کہ اس کا بھی پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سنہری چانس ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں موجودہ آسٹریلین ٹیم کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں خاص کر بہترین اور معیاری بیٹنگ لائن کی مالک بھارتی ٹیم کے بالرز نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ بالنگ کا آرٹ سیکھ لیا ہے۔سابق قومی کپتان کے مطابق گزشتہ دو سال سے آسٹریلیا کو بیرون ملک جیتنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کی کارکردگی میں زوال کی وجہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی