نیپال کیخلاف سیریز : قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا کیمپ کل شروع ہو گا

نیپال کیخلاف سیریز : قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا کیمپ کل شروع ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام نیپال کے خلاف 5 میچوں کی سیریز کی تیاری کیلئے قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ (کل) منگل سے بہاولپور میں شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سینئر نائب صدر سید محمد سلمان طارق بخاری نے اتوار کو ’’میڈیا‘‘ کو بتایا کہ بہاولپور میں شیڈول تربیتی کیمپ میں منتخب شدہ 15کھلاڑیوں کو مدعوکیا گیا ہے۔ تربیتی کیمپ میں جن کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان رابیعہ شہزادی، صباح گل، اقصیٰ عارف، بشرہ ظہور، سمیہ ممتاز، انیلا شہزادی، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرہ رفیق، رابیعہ جاوید، نشہ بخش، بسمہ حسین، کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں اور انہیں ہیڈ کوچ نفیس احمد، اسسٹنٹ کوچ بختاور اورٹرینر شاہدہ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی15رکنی خواتین بلائنڈ ٹیم تربیتی کیمپ کے لئے( آج) پیر کو بہاولپور پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم 27 جنوری کو پاکستان کے دورہ پر آئے گی۔ مہمان ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران پانچ میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے میچز اسلام آباد میں کھیلے جائینگے۔ پانچ میچوں کی ہوم سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور، دوسرا اور تیسرا میچ31 جنوری اور یکم فروری کو فیصل آباد ، جبکہ 3 اور 4 فروری کو چوتھا اور پانچواں میچ اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ نے اس سیریز کو پہلی بین الاقوامی سیریز قرار دیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی بلائنڈ خواتین ٹیموں کے درمیان جو سیریز کھیلی گئی تھی، اس کی منظوری ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ سے نہیں لی گئی تھی۔