کمپریسر استعمال کرنیوالے 604گھروں کے گیس کنکشن منقطع

کمپریسر استعمال کرنیوالے 604گھروں کے گیس کنکشن منقطع

لاہور( سٹی رپورٹر) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی ٹیموں نے کمپریسر کے استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے 604 گھروں کے گیس کنکشن منقطع کر دئیے ہیں۔ جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن قیصر مسعود کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں گیس پریشر کو بڑھانے کے لئے کمپریسر کے استعمال کی بڑے پیمانے پر شکایات ہیں جس سے ارد گرد یک آبادیوں اورگھروں میں گیس کی قلت پیدا ہو جاتی ہے۔اس کے لئے ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی نگرانی میں 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہوں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ہیں جس میں 604 گھروں میں کمپریسر کا استعمال پایا گیا ہے جس پر 604 گھروں کے گیس کنکشن منقطع کر دئیے گئے ہیں اور اس میں متعدد مقامات سے کمپریسر بھی قبضہ میں لئے گئے ہیں۔ جی ایم قیصر مسعود کے مطابق کمپریسر کا استعمال مکمل طور پر غیرقانونی ہے اور کمپریسر کے استعمال سے ارد گردکے گھروں اور آبادی میں گیس کا پریشر ڈاؤن ہو جاتا ہے جس سے گیس کی قلت پیدا ہو جاتی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ کمپریسر کے استعمال کے خلاف اگلے ایک ہفتہ تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ شہری کمپریسر کا استعمال نہ کریں ورنہ گیس کنکشن منقطع کر دئیے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1