سی پیک ملک کیلئے گیم چینجر اسکے ثمرات چاروں صوبوں میں نظر آئیں ،اسد قیصر

سی پیک ملک کیلئے گیم چینجر اسکے ثمرات چاروں صوبوں میں نظر آئیں ،اسد قیصر

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوامیں خدمت کے پیش نظر عوام نے ہمیں مرکز سمیت دیگر صوبوں میں دوبارہ خدمت کا موقع فراہم کیا ہے چناچہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وفاقی ،صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع پشاور سے تعلق رکھنے والے ارکین قومی و صوبائی اسمبلی اورضلعی حکومت کے نمائندوں سے پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔سپیکر نے کہا کہ عوام نے جس طرح الیکشن 2018میں خدمت کرنے والوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ہمیں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک ملک کے لیے ایک گیم چینجر ہے جس کے ثمرات چاروں صوبوں میں نظر آئیں گے۔ اس ضمن میں خیبر پختونخوامیں اس منصوبے کے تحت متعد دترقیاتی کام زیر تکمیل ہیں اور رشہ کئی اکنامک زون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے عوام کا میعار زندگی بہتر ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں پشاور کے کاروباری حلقوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ اس سلسلے میں مرکز اور صوبائی ذمہ داران کے درمیان متعد د اجلاس منعقد ہوئے ہیں جس میں پشاور کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ صحت اور تعلیم کا حصول ہر پاکستانی کا حق ہے اور موجودہ حکومت نے ان شعبوں میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا شروع کر دیا ۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اُن ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا جہاں معیار تعلیم اور صحت کی سہولیات قابل تقلید ہونگی ۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ اور ناظمین کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کے تمام تر مسائل سے مکمل آگاہ ہونا چاہیے ۔ انہیں ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ لوگوں کے مسائل کو فوری حل کیا جا سکے۔ اجلا س میں شرکت کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی نور عالم خان، شوکت علی،شیر علی ارباب، محمود جان ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ،اشتیاق ارمر صوبائی وزیر برائے ماحولیات و جنگلات ،تیمور جھگڑا صوبائی وزیر مالیات سمیت ارکان صوبائی اسمبلی ناصر موسٰی زئی، کامران بنگش وزیر علٰی کے مشیربرائے آئی ٹی ، آصف احمد ، فضل الہی ،فہیم خان، ارباب جا ن داد ، ارباب وسیم او اور ضلعی ناظم محمد عاصم و تحصیل اور ٹاؤن ناظمین شامل تھے۔

مزید : صفحہ آخر