بہاولپور صوبے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،طارق بشیر

بہاولپور صوبے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،طارق بشیر

بہاولپور (آن لائن) وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے مخالف نہیں ہیں لیکن بہاولپور صوبے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ طارق بشیر چیمہ راہنما مسلم لیگ چوہدری مونس الہی کے ہمراہ ایم پی اے ڈاکٹر افضل کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا بہاولپور صوبے کے قیام کیلئے وزیر اعظم کو قائل کرینگے۔ ہم وزیر اعظم سے امید کرتے ہیں وہ بہاولپور کے لوگوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرینگے ،نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ لیگل اور فنانشل معاملات حل ہونے کے بعد وزیر اعظم منصوبے کیلئے اتھارٹیز کے قیام کا اعلان کریں گے۔مونس الہی نے کہا نئی حکومت کو آئے ابھی بہت کم وقت ہوا ہے پانچ سال بعد پرفارمنس کا جائزہ لینا چاہیے۔پہلے بھی ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، بہت جلد ترقیاتی کام شروع ہوں گے۔ وزیر برائے ہاوسنگ نے کہاعلیمہ خان کی جائیداد بارے وزیر اعظم ہی بتا سکتے ہیں ، نئے گھر بنانے کا وزیر اعظم کا شاندار منصوبہ ہے ، منصوبہ شروع کرنے میں قانونی پیچیدگیاں تھیں جو ختم ہو گئی ہیں، ہم بہاولپور صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ چولستان کی الاٹمنٹ جلد مکمل ہو گی۔ گزشتہ دور میں سکروٹنی غلط ہوئی جو اب دوبارہ کروا رہے ہیں۔

طارق بشیر

مزید : صفحہ آخر