ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ ، روس سے تعلقات کی تحقیقات شروع ، شٹ ڈاؤن پر مقدمہ درج

ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ ، روس سے تعلقات کی تحقیقات شروع ، شٹ ڈاؤن پر مقدمہ ...

واشنگٹن(آئی این پی) ایف بی آئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روس سے تعلقات کی تحقیقات شروع کر د یں،تفتیش میں اس بات کو بھی مدنظر رکھا کہ کہیں ٹرمپ جانتے بوجھتے روس کے لیے کام تو نہیں کررہے ہیں جب کہ تفتیش میں مجرمانہ پہلو کو بھی سامنے رکھا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے روس سے بڑھتے تعلقات کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ کہیں امریکی صدر روس کے لیے کام تو نہیں کر رہے۔امریکی خفیہ ایجنسی (ایف بی آئی) نے سابق آائریکٹر جیمز کومی کو عہدے سے برطرف کیے جانے کے بعد امریکی صدر کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، سیکیورٹی اداروں کو امریکی صدر کے رویے پر تشویش تھی۔غیر ملکی اخبار کے مطابق تفتیشی اہلکاروں نے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات کو قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرے کے حوالے سے تفتیش شروع کی اور اس بات کو بھی مدنظر رکھا کہ کہیں ٹرمپ جانتے بوجھتے روس کے لیے کام تو نہیں کررہے ہیں جب کہ تفتیش میں مجرمانہ پہلو کو بھی سامنے رکھا گیا۔دریں اثناامریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے امریکی صدر ٹرمپ پر مقدمہ درج ہو گیا ہے۔امریکی ائیر ٹریفک کنٹرول ایسوسی ایشن نے ملکی تاریخ کے طویل ترین شٹ ڈاؤن کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر حکام کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شٹ ڈاؤن کے سبب تنخواہیں نہیں دی جارہیں اور تنخواہ کے بغیر کوئی ملازم کام کرنے کوتیارنہیں جب کہ کمپنی کے ملازمین کا کہنا ہے کہ مطلوبہ معاوضے دیے بغیر سخت محنت کروائی جارہی ہے۔یاد رہے کہ امریکہ میں جاری جزوی شٹ ڈاؤن چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے اور8 لاکھ سے زائد لوگوں کو تنخواہیں نہیں مل سکی ہیں۔شٹ ڈاؤن کے سبب لاکھوں افراد کو جزوی طور پر گھر بھیج دیا گیا ہے اور ہزاروں افراد بلامعاوضہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔امریکی صدر کی جانب سے میکسیکو کے ساتھ سرحدی دیوار کی تعمیر کیلئے رقم پر باربار اصرار کیا جارہا ہے اور ٹرمپ نے کہہ دیا ہے کہ رقوم کی منظوری نہ ہونے تک وہ شٹ ڈاؤن کو مہینوں بلکہ سالوں تک بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔امریکہ میں جاری حالیہ شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے۔امریکی صدر اور کانگریس اپنے اپنے موقف پر ڈٹ گئے ،سرکاری ملازمین رل گئے ۔قبل ازیں1996میں بل کلنٹن کے دور صدارات میں21روز کا شٹ ڈاؤن ہوا تھا۔

مزید : صفحہ اول