سندھ میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف پھر سرگرم ، رابطوں میں تیزی

سندھ میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف پھر سرگرم ، رابطوں میں تیزی

کراچی(این این آئی)سندھ میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف نہ صرف پھر سرگرم ہو گئی ہے بلکہ رابطوں میں بھی تیزی پیدا کردی ہے۔ صورتحال نے حکمران جماعت پیپلزپارٹی کو پریشانی میں مبتلا کردیا کہ آصف زرداری نے بھی جوابی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے جیالے رہنماؤں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ اطلاعات کے بعد سندھ حکومت کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف نے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو زچ کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کے ناراض رہنماؤں اور ارکان قومی وسندھ صوبائی اسمبلی سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو،وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، سید ناصر حسین شاہ کے بھتیجے سید طاہر حسین شاہ اور سینئر رہنما عبدالرزاق باجوہ نے پیپلزپارٹی کے ناراض رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے ابتدائی مذاکرات مکمل کرلیے ہیں۔ا میر بخش بھٹو کے اندرون سندھ دورے کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور اہم رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔ بتایاگیاہے کہ ضلع گھوٹکی سے راجہ خان مہر، ٹھٹھہ کے شیرازی برادران، جیکب آباد سے ڈاکٹر سہراب سرکی، کشمور سے سلیم جان مزاری، لاڑکانہ سے میر نادرخان مگسی ،جامشورو سے ملک اسد سکندر سمیت متعدد رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی میں فاروڈ بلاک کیلئے پیش بندی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے بھی جوابی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور جیالے رہنماؤں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ آصف علی زرداری کے اندرون سندھ دوروں اور جلسے جلوس کرنے کو بھی اسی پس منظر میں دیکھاجارہاہے۔ جوابی وار کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ذ۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے عبدالرزاق باجوہ نے بتایا کہ سندھ میں مخلوط حکومت بننے جارہی ہے جس میں پیر پگارا، مہر گروپ، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی ، آزاد ارکان شامل ہوں گے جبکہ ٹی ایل پی کے 3ارکان اسمبلی بھی نئی بننے والی حکومت کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا دورہ سندھ طے ہوگیا جس کے نتیجے میں سندھ کی سیاسی صورت حال میں ایک بار پھر ہلچل کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان 25 جنوری کو ایک روزہ دورے پر سندھ پہنچ رہے ہیں۔ وہ دورہ سندھ میں پارٹی امور کا جائزہ لیں گے اور ان سے تحریک انصاف کی ہم خیال سیاسی جماعتوں کی رہنما بھی ملاقاتیں کریں گے۔ علی گوہر خان مہر نے وزیر اعظم کو گھوٹکی کے دورے کی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان سے قبل فواد چوہدری 15 اور 16 جنوری کو سندھ کا دو روزہ دورہ کریں گے جس کے دوران وہ اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید : صفحہ اول