پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے،شاہ محمود قریشی

پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے،شاہ محمود قریشی

ملتان(آئی این پی) ملتان میں حضرت شاہ رکن عالم ؒ کے 705 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات جاری ہیں،عرس کے دوسرے روز بھی ملک بھر سے ہزاروں زائرین نے شرکت کی جبکہ بھارتی راجھستان کے 21رکنی وفد نے بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کی،عرس کے دوسرے روز کی تقریبات سے وزیرخارجہ و سجادہ نشین مخدوم شاہ محمودحسین قریشی نے خطاب کیا اور خصوصی دعا بھی کرائی۔علمائے کرام نے بھی حضرت شاہ رکن عالم کی دینی خدمات پر روشنی ڈال کر زائرین کو بزرگان دین کی تعلیمات کے حوالے سے اگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمودحسین قریشی نے کہا کہ ہم امن پسندلوگ ہیں اورامن سے رہناچاہتے ہیں۔پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ پاک افغانستان میں بھی امن قائم فرما دے۔شاہ محمود نے کہا کہ بزرگان دین کے آستانے امن کے گہوارے ہیں،اولیاء اللہ کے آستانوں سے کوئی بھی خالی نہیں جاتا۔اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔دریں اثناء محکمہ اوقاف کی جانب سے ملتان میں حضرت شاہ رکن عالم ؒ ملتانی کے عرس میں شریک زائرین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں، عرس کی سیکیورٹی کے لئے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، تینوں روز پولیس کی بھاری نفری درگاہ پر تعینات رہے گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

مزید : صفحہ اول