عوام کو طبی سہولوں کی فراہمی کیلئے خود ہسپتالوں کو مانیٹر کر رہا ہوں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری ، جدید سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے۔ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری ، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل صرف کئے جا ئیں گے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کے لئے جدید اصلاحات لائی جائیں گی ، ہسپتالوں میں بر وقت معیاری علاج معالجہ ملنا مریضو ں کا حق ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے اور شعبہ صحت میں بہترین، با صلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں اور ہسپتالوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ ایمانداری سے کی گئی کوششوں کے باعث ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ مسیحائی کے پیشے سے وابستہ لوگ دین اور دنیا دونوں کماتے ہیں اور اپنی ڈیوٹی کو مشن سمجھ کر ادا کرنے والے مسیحاؤں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی ۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کی کارکردگی کو سراہا۔ملاقات میں محکمہ اطلاعات و ثقافت میں بہتری کے لئے ممکنہ اقدامات پر غورکیا گیا ۔فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلی پنجاب کو اپنے محکمے کی کارکردگی کے حوالے سی تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلی پنجاب نے صوبائی وزیر ثقافت کو علاقائی کلچر، موسیقی اور تھیٹر کو پروموٹ کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔سردار عثمان بزدار کی جانب سے صوبائی وزیر اطلاعات کو جنوبی پنجاب کے فنکاروں کے لئے بھی خصوصی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔وزیر اعلی پنجاب نے صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے فیاض الحسن چوہان کو موثر لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت۔وزیر اعلی پنجاب کے جانب سے تھیٹر میں فیملی کلچر کے فروغ کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کی کاوشیں قابل ستائش قرار دے دی گئیں۔