واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ بکواس روسی صدرپیوٹن سے ملاقات کی تفصیلات خفیہ نہیں رکھیں ، ٹرمپ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کیساتھ ملاقات کی تفصیلات پوشیدہ رکھنے سے متعلق ’’واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ‘‘ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’بکواس ‘‘ قرار دیدیا،واضح رہے امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا امریکی صدر نے ملاقات کے دوران موجود مترجم کو ہدایت کی کہ وہ ان کی پیوٹن سے ملاقات کے دوران ہونیوالی گفتگو کسی کے سامنے ظاہر نہ کریں، اخبار کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اور ویلادی میر پیوٹن کے درمیان ہونیوالی ملاقات جولائی 2017 میں جرمنی کے ایک شہر ہمبرگ میں ہوئی تھی جس میں ان کے ہمراہ اس وقت کے سیکریٹری اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن بھی موجود تھے۔فوکس نیوز کو دیئے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو ’بکواس‘ قرار دیتے ہوئے کہا میری ملاقات بالکل ایسی ہی تھی جس طرح ہر صدر کی ہوتی ہے،ایک صدر کئی ممالک کے صدور کیساتھ ملاقات کرتا ہے، ہم نے اسرائیل اور تل ابیب کو محفوظ بنانے کی باتیں کی اور بہت ساری با تیں بھی تھی، میں کچھ نہیں چھپا رہا۔ دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا گزشتہ دو برس کے دوران امریکہ اور روسی صدر کی 5 ملاقاتیں ہوئیں جس کے بارے میں کوئی تفصیلات پیش نہیں کی گئی۔واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونیوالی رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے موجودہ اور سابقہ حکام کا حوالے دے کر انکشاف کیا گیا۔
ٹرمپ