جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس پاکستان کاحلف 17جنوری کو اٹھائینگے

جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس پاکستان کاحلف 17جنوری کو اٹھائینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن)جسٹس آصف سعید کھوسہ بطور نئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان 17جنوری کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے،جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954 کو صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، تعلیمی قابلیت اور سب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی سے 1975 ء میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، انہیں 3 مرتبہ نیشنل ٹیلنٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا،کیمبرج یونیورسٹی سے 1977ء اور 1978 ء میں قانون کی 2 ڈگریاں حاصل کیں، وہ 1979 میں وطن واپس آئے اور لاہور ہائیکورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 مئی 1998 ء میں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 2010 ء میں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔ مئی 1998 میں آصف سعید کھوسہ لاہور ہائی کورٹ میں جج مقرر ہوئے اور جب سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے 7 نومبر 2007 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے آئین معطل کیا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی ان ججز میں شامل تھے جنہوں نے 'پی سی او' کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا۔وہ 4 کتابوں کے خالق بھی ہیں جن میں، ہیڈنگ دی کانسٹیٹیوشن، کانسٹیٹیوشنل اپولوگس، ججنگ ود پیشن اور بریکنگ نیو گراونڈ شامل ہیں، جسٹس آصف سعید کھوسہ کو قانون پڑھانے کا وسیع تجربہ بھی حاصل ہے، جسٹس آصف سعید کھوسہ 50 ہزار کے قریب مقدمات کے فیصلے سنا چکے ہیں۔انہیں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے سے شہرت ملی جبکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو پاکستان کا 26 واں چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے چکے ہیں، 18 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔وہ یکم فروری 2022 تک چیف جسٹس رہیں گے۔
جسٹس آصف سعید

مزید :

صفحہ اول -