معاشرے میں شدت پسندی ختم کرنے کیلئے اولیاء کی تعلیمات اپنانا ہوں گی ،شاہ محمود قریشی
ملتان(سٹی رپورٹر)برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا درباحضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ ملتانی کے سجادہ نشین ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ اولیا ء کرام نے دنیا کو امن کا درس دیا اور وحدت کی لڑی میں پرویا ، معاشرے سے شدت پسندی کے خاتمے اور امن و یگانگی کو فروغ دینے کیلئے ہمیں اولیاء اللہ کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا اوراُن کے پیغام کوعام کرنا ہوگا۔ اولیا کی تعلیمات کی روشنی میں ہم ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے خواہاں اور اس (بقیہ نمبر29صفحہ12پر )
کے لئے کوشاں ہیں ، اولیاء اللہ کے آستانے امن کا گہوارہ ہیں جہاں سے فیض بٹتا ہے اور ان آستانوں کی رونقیں ہمیشہ قائم و دائم رہیں گی ، ملک کو بے پناہ معاشی مسائل درپیش ہیں، جنکے حل کے لئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ہم امن کے طالب ہیں اور ملک بھر میں امن کے لئے کوشاں ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار عالیہ حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ ملتانی کے 705ویں سالانہ عرس مبارک کے دوسرے روز قومی شاہ رکن عالم ؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مخدوم زادہ زین حسین قریشی،مخدوم محمد ذوہیب گیلانی،سلطان محمد حیات قادری،ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری،مولانا امان اللہ نعیمی،مولانا سعید احمد فاروقی،پروفیسرڈاکٹر عبدالقدوس صہیب،مولانا غلام درویش،مولانا حفیط اللہ شاہ مہروی،ڈاکٹر ارشد بلوچ،مولانا صادق سیرانی نے بھی خطاب کیا جبکہ ،قاری رحمت حسین قادری نے تلاوت کلام مجید پیش کی،حمید نواز عاصم،احمد نواز عصیمی،مہریہ گروپ،حاجی نذیر احمد،احمد ہالی پوتا،خلیفہ امان اللہ ودیگرنے ہدیہ نعت پیش کیا ، جبکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،ایم پی اے ندیم قریشی،رکن قومی اسمبلی لال مالہی،پیر اعجاز علی قادری،حاجی آصف محمود نقشبندی،میاں جمیل احمد ،خالد جاوید وڑائچ،اعجاز حسین جنجوعہ،جہانزیب واران،ڈاکٹر الطاف حسین قریشی، مقصود قریشی،شعیب اکمل ہاشمی،طاہر شاہ،رانا عبدالجبار، شیخ شاہد مظفر،شاہد بن فاروق ودیگر اسٹیج پر موجود تھے مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مظلوم لوگوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں دعا ہے کہ اللہ تعالی مسلمانوں کی مشکلیں آسان کرے اور افغانستان میں امن قائم ہو مشرقی و مغربی سرحدوں کی اللہ حفاظت فرمائے انہوں نے کہا کہ جو قوتیں انتشار و خلفشار پیدا کرنا چاہتی ہیں اللہ ان کو نیست و بابود کردے مسائل کے حل کے لئے جو کردار ہم ادا کرسکتے ہیں وہ کریں گے پڑوس میں بے پناہ امتحان ہے ہم امن کے طالب ہیں اور پورے ملک میں امن کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ ان آستانوں سے آج تک کوئی خالی نہیں گیا کیونکہ یہ آستانے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہیں اور یہاں سے فیض بٹتا ہے یہ رونقیں قیامت تک قائم رہیں گی ۔’قومی شاہ رکنِ عالم کانفرنس‘ کے دوسرے سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد ارشد بلوچ نے کہا کہ حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کی قائم کردہ جامعہ بہائیہ سے شروع ہونے والے مشن کو حضرت شاہ رکن الدین عالم نے بڑی تن دہی سے آگے بڑھایا۔ انہوں نے لوگوں کو دین اور دنیا دونوں کی تعلیم دی اور انہیں معاشرے کا فعال رکن بنایا ۔ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامک سٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوق کی رہنمائی کیلئے پیغمبروں کو اِس دنیا میں بھیجا۔ پیغمبروں کی آمد کا سلسلہ حضور اکرم ؐپر ختم ہوگیا۔ آپؑ کی تعلیمات کو بعد ازاںآپ کے صحابہ کرامؓ نے آگے لوگوں تک پہنچایا۔ صحابہ کرامؓ کے بعد اب یہ سلسلہ اولیاء اللہ نے جاری رکھا ہوا ہے اور یہ قیامت تک جاری و ساری رہے گا۔ محکمہ اوقاف کے زونل خطیب مولانا غلام محمد درویش نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت شاہ رکن الدین عالم جیسی ہستیاں صادقین میں شمار ہوتی ہیں۔ اور صادقین کی صحبت اختیار کرنا سعادت مندی کے زُمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے فیض کے حصول کا ذریعہ ہیں۔ قاری امان اللہ نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت شاہ رکن الدین عالم کے آستانے پر صدقِ دل سے حاضری دینے والے اپنا دامن فیض سے بھر کر لوٹتے ہیں۔ علامہ سعید احمد خان فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سات سو سے زیادہ سال گزر جانے کے باوجود بھی حضرت شاہ رکن الدین عالم کے آستانے سے ملنے والے فیض میں کوئی کمی نہیں آئی۔ صاحبزادہ حیات سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ کی درگاہیں امن و محبت کا گہوارہ ہیں۔ یہاں حاضری دینے والے اپنا دامن محبت اور حسنِ خلق سے بھر کر جاتے ہیں۔ صاحبزادہ حفیظ اللہ شاہ مہروی نے اہنے خطاب میں کہا کہ حضرت شاہ رکن الدین عالم کا فیض قیامت تک جاری رہے گا اور لوگ اُن کے آستانے سے اپنی مرادیں بھر کر جاتے رہیں گے۔دوسرے روز کی تقریبات کا اختتام دعا سے ہوا شاہ محمود قریشی نے ملکی سلامتی ، خطے کے امن کے لئے دعا کرائی ۔
کانفرنس