عمران خان خطے میں پائیدار امن کے بڑے حامی ہیں،علیم خان

عمران خان خطے میں پائیدار امن کے بڑے حامی ہیں،علیم خان

لاہور(این این آئی) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 21ویں صدی کے حالات کا تقاضا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دیا جائے ،موجودہ ملکی قیادت آئندہ نسلوں کو جنگ یا غربت کی بجائے امن اور خوشحالی دینا چاہتی ہے وزیر اعظم عمران (بقیہ نمبر8صفحہ12پر )

خان خطے میں دیرپا اور پائیدار امن کے حامی ہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے اقتدار میں آنے کے فوراً بعد بھارت کو انتہائی واضح انداز میں حقائق پر مبنی تعلقات کی پیشکش کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیرکھیل رائے تیمور بھٹی نے سینئر وزیر کا استقبال کیا ۔عبدالعلیم خان نے مزیدکہاکہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ اور کبڈی کی طرح تمام کھیلوں کو فروغ ملنا چاہیے ،پاکستان نے ایک مرتبہ پھر پہل کی ہے اور بھارت سے کبڈی ٹیم کی لاہور آمد خوش آئند امر ہے ،ا س سلسلے کو مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے۔ زندہ دلان لاہور نے اس کبڈی میچ میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے مابین دو طرفہ کھیلوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ، موجودہ حکومت نے بالخصوص پنجاب میں سپورٹس کی ترویج کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کر لی ہے ۔ علاوہ ازیں عبدالعلیم خان ڈیفنس میں سابق صوبائی وزیر مرحوم رانا اعجاز احمد خان ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ پر گئے اور اُن کے صاحبزادوں سے اُن کی وفات پر دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ، عبدالعلیم خان نے مرحوم کی سیاسی ،سماجی اور قانو ن کے شعبوں میں خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ رانا اعجاز احمد ایڈووکیٹ اعلیٰ خصوصیات کے حامل اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے معروف قانون دان تھے جن کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے مرحوم رانا اعجاز احمد ایڈووکیٹ کیلئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے ۔

علیم خان

مزید : ملتان صفحہ آخر