”سپریم کورٹ کے جس بینچ نے آج فیصلہ سنایا اس میں وہ جج صاحبان بھی شامل ہیں جنہوں نے۔۔۔“ حامد میر نے ایسا انکشاف کر دیا کہ نواز شریف تو کیا شہباز شریف بھی حیرت زدہ رہ جائیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے جس بینچ نے نواز شریف کو ریلیف دیا ہے اس میں وہ معزز جج صاحبان بھی شامل ہیں جن پر ماضی میں مسلم لیگ (ن) بہت تنقید کرتی رہی ہے اور انہی جج صاحبان کے ریمارکس پر مسلم لیگ (ن) نے بات کو کہاں سے کہاں تک پہنچا دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایوین فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت کیخلاف دائر نیب کی درخواست مسترد ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے جو فیصلہ دیا تھا اس میں نیب کے ریفرنسز کی کمزوریوں کا بھی ذکر کیا گیا تھا لہٰذا آج کے فیصلے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا پہلو یہ ہے کہ جس بینچ نے آج نواز شریف کو ریلیف دیا ہے اس بینچ میں وہ معزز جج صاحبان بھی شامل ہیں جن پر ماضی میں مسلم لیگ (ن) بہت تنقید کرتی رہی ہے اور انہی جج صاحبان کے کچھ ریمارکس پر مسلم لیگ (ن) نے بات کو کہاں سے کہاں تک پہنچا دیا تھا، سازش کا پہلو بھی تلاش کیا تھا اور بہت سخت زبان استعمال کی تھی جبکہ خلائی مخلوق بھی آ گئی تھی مگر آج مسلم لیگ (ن) خوش ہے اور اس فیصلے کا خیرمقدم ہی کیا جائے گا۔