’’ محمدی میڈیکل ٹرسٹ مخلوق خدا کی عمدہ خدمت کر رہا ہے‘‘ صدر ہمدرد فاونڈیشن سعدیہ راشد

’’ محمدی میڈیکل ٹرسٹ مخلوق خدا کی عمدہ خدمت کر رہا ہے‘‘ صدر ہمدرد فاونڈیشن ...
’’ محمدی میڈیکل ٹرسٹ مخلوق خدا کی عمدہ خدمت کر رہا ہے‘‘ صدر ہمدرد فاونڈیشن سعدیہ راشد

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)محمد ی میڈیکل ٹرسٹ کے زیر اہتمام لاہور کے پسماندہ علاقے شمالی لاہور شادباغ میں گذشتہ 27سال سے آنکھوں کا ہسپتال مستحق مریضوں کے علاج معالجہ میں مصروف ہے ،چھوٹی سی ایک ڈسپنسری سے آنکھوں کے ہسپتال اور اب ایک جدید وسیع عمارت کا کامیاب سفر جس میں روزانہ چھ سو سے سات سو مریضوں کا معائنہ اور آنکھوں کے آپریشن کئے جاتے ہیں جبکہ اس سفر کو آگے کی جانب گامزن کرتے ہوئے یہاں دل ،شوگر ،ناک ،کان ،گلا اور جنرل امراض کے علاج کے شعبے بھی قائم کئے جا چکے ہیں ،زلزلہ ہو یا سیلاب کی صورت ہو ان قدرتی آفات میں یہ ٹرسٹ اپنی خدمات کے لیے پیش پیش رہتا ہے ۔

گذشتہ دنوں صدر ہمدردفاؤنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد نے محمدی میڈیکل ٹرسٹ کا دورہ کیا ،اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ مخلوق خدا کی خدمت ہی انسانیت کی معراج اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ محمدی میڈیکل ٹرسٹ (آنکھوں کا ہسپتال) مخلوق خدا کی عمدہ خدمت کررہا ہے۔ دختر حکیم محمد سعید شہید نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ یہ ایک عالمی معیا ر کا ہسپتال ہے اور آنکھوں کے امراض کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیتیں فراہم کی جارہی ہیں۔محمدی میڈیکل ٹرسٹ کے چیئر مین محمد شفیق جنجوعہ نے بتایا کہ ہم چند دوستوں نے1979 ؁ء میں کرائے کی دکان میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری قائم کی تھی۔الحمدللہ آج یہ پاکستان میں آنکھوں کے علاج کا بہترین ہسپتال بن چکا ہے جہاں آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے دور دراز علاقوں سے مریض علاج کے لئے آتے ہیں۔علاقے کے مخیّرافراد کا تعاون شامل حال ہے۔خورشید عباسی صاحب نے بتایا کہ مستحق مریضوں کا علاج اور آنکھوں کا آپریشن مفت کیا جاتا ہے ۔ ہسپتال میں کوالیفا ئیڈ ڈاکٹرز اور جدید مشنری دستیاب ہے۔ آنکھوں کے علاوہ شوگر ، دل ، ناک کان گلا، جلد اور جنرل امراض کے علاج کے شعبے بھی موجود ہیں۔اس موقع پر محترمہ سعدیہ راشد، سیّد علی بخاری اور خورشیدعباسی کو ان کی سماجی خدمات پر "ہمت ایوارڈ" بھی پیش کیے گئے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور