ڈیرہ: ہندوبرودری کی ملکیتی کروڑوں روپے کی اراضی مافیا سے واگزار  

  ڈیرہ: ہندوبرودری کی ملکیتی کروڑوں روپے کی اراضی مافیا سے واگزار  

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر کی کاوشوں سے انٹی کرپشن ڈیرہ نے ہندو برادری کی ملکیتی کروڑوں روپے کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرالی، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ مال نے ناجائز قابضین کے مذکورہ اراضی پر قبضے کے 4جعلی انتقالات بھی منسوخ کردئیے۔تفصیلات کے مطابق مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر و سینئر صحافی محمد اصغر چوہدری نے محکمہ مال میں کی گئی کرپشن کو بے نقاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو وسل بلوو ایکٹ کے تحت درخواست گذاری کہ ایم پی اے فنڈز سے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے موضع کوٹلہ سیدان تحصیل و ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ہندو بالمیکی قبرستان کیلئے چھ کنال بیش قیمت اراضی 1992 میں خرید کی اور اس پر سرکاری فنڈسے چار دیواری اور گیٹ تعمیر کرادیا۔ مذکورہ اراضی کا انتقال بعض وجوہات کی بنا پر التوا کاشکاررہا کیونکہ مالکان اراضی نے نقد رقم کی بجائے کسی مصیبت سے بچنے کیلئے بذریعہ چیک ادائیگی کی ڈیمانڈ رکھی گئی جو کہ طویل عرصہ بعد2008 میں ڈپٹی کمشنر کے نام قبرستان بالمیکی انتقال منظور ہوا مگر حیرت انگیز طورپر متعلقہ پٹواری، قانونگو اور تحصیلدار کی ملی بھگت سے قبرستان کا انتقال وراثت تصدیق کردیاگیااورانتقال وراثت کی تصدیق سے پہلے ہی بالمیکی قبرستان کی یہ بیش قیمت قیمت اراضی 2007 میں فروخت کردی گئی۔ درخواست گذار کی درخواست اوپن انکوائری کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائمز ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عبدالحئی خان بابڑ کو ارسال ہوئی جنہوں نے سرکل آفیسر سلیم طارق اور اب صدیق اللہ خان کو تحقیقات کا فریضہ سونپا جنہوں نے انتہائی عرق ریزی سے دستاویزی شواہد اور ثبوت اکٹھے کئے اور جعلسازی ثابت ہونے پر ابتدائی طورپرتحصیلداراور پٹواری کیخلاف حسب ضابطہ ایف آئی آر چاک کرلی۔ملزمان میں گرداور سرکل اہلکار فوت ہونے کی وجہ سے ایف آئی آر میں شامل نہیں کیاگیا جبکہ دیگر شریک الزام افراد کے تعین کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عثمان زمان کے خصوصی حکم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرکرائمز عبدالحئی خان بابڑ کی خصوصی ہدایت پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن صدیق اللہ خان نے ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمدعمیر اوراسسٹنٹ کمشنر محسن صلاح الدین کی موجودگی میں تحصیلدار ڈیرہ اسماعیل خان شیربہادر عملہ محکمہ مال قانونگو جمیل شاہ،پٹوری محمد اسلم و دیگر عملے کے ہمراہ بالمیکی قبرستان کی چھ کنال بیش قیمت اراضی وا گزار کرالی اور ابتدائی طورپر واگذار اراضی کا ایک کروڑ پندرہ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ریکوری سرٹیفیکیٹ بھی انٹی کرپشن حکام کوجاری کردیاگیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر