باجوڑ میں بارشوں نے تباہی مچادی: چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3افراد زخمی
باجوڑ(نمائندہ پاکستان) باجوڑ میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، علاقہ رحمن آبادمیں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد زخمی۔ ایک کی حالت تشویشناک، پشاور منتقل، بریگیڈیئر غلام محمد ملک کا واقعہ پر گہرے غم اور افسوس کااظہار، بریگیڈیئر کے ہدایت پر پاک فوج کے اہلکاروں نے متاثرہ خاندان کیساتھ تعاون کیااور ان کے گھر خیمے،اشیائے خوردونوش سمیت تیار خوراک پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق ضلع باجوڑمیں پیر کے دن دوپہر تقریبا ایک بجے تحصیل خار علاقہ رحمن آباد میں گزشتہ دو دنوں سے جاری شدید بارشوں کی نتیجے میں مسمی اکدر خان کے مکان کی چھت بوسید ہ ہوکرگرگیا۔ واقعہ کے نتیجے میں اکدر خان، اسکی بیوی اور بیٹی شدید زخمی ہوگئی جن کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیاگیا۔واقعہ کی اطلاع ملتی ہی مقامی لوگوں نے امدادی کاروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکالا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اکدر خان کی حالت تشویشناک ہونے کیوجہ سے مزید علاج کیلئے پشاور منتقل کیاگیاہے۔ دریں اثناء پاک فوج کے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر غلام ملک محمد نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔بریگیڈیئر کے نمائندے نے خار ہسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور متاثرہ خاندان کیساتھ مکمل تعاون کرنے کا اعلان کیا۔ بریگیڈیئر کے اعلان کے بعد پا ک فوج کے اہلکاروں نے متاثرہ خاندان کے گھر خیمے، اشیائے خوردونوش اور تیار خوراک پہنچایا اور متاثرہ خاندان کیساتھ گہری ہمدردی کااظہار کیا۔