زرعی یونیورسٹی ملتان‘ ڈاکٹر آصف علی دوبارہ 4سال کیلئے وائس چانسلر تعینات

  زرعی یونیورسٹی ملتان‘ ڈاکٹر آصف علی دوبارہ 4سال کیلئے وائس چانسلر تعینات

  



ملتان (سپیشل رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کو پنجاب حکومت کی جانب سے دوسری بار چار سال کیلئے وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز13جنوری 2020کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے زرعی یونیورسٹی ملتان کا چارج سنبھال کر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔وائس چانسلر جامعہ نے زرعی جامعہ کا چارج سنبھالنے کے موقع پر زرعی جامعہ کی فیکلٹی اور سٹاف سے میٹنگ کرتے ہوئے کہاکہ جب(بقیہ نمبر31صفحہ12پر)

2016 میں میں نے زرعی جامعہ کا چارج سنبھالا تو میں ادارے کی ترقی کا پلان اور وژن لے کر آیا تھا جو کہ میں نے کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے زرعی یونیورسٹی کو معاشرے کیلئے ایک لرننگ انسٹی ٹیوٹ بنایا۔ مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم نے میری رفتار کا ساتھ دیا او ر ادارے کو کامیاب بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری محنت کا یہی پھل کافی ہے کہ دوسرے اداروں کے لوگ زرعی جامعہ کی مثالیں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نئی یونیورسٹی ہونے کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا تھا لیکن اب یونیورسٹی مکمل ہونے کو ہے اور تیزی سے ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری یونیورسٹی پر طلباء و طالبات کے والدین اعتماد کرتے ہیں جو کہ بہت ہی خوش آئند بات ہے۔انہوں نے زرعی جامعہ کے مستقبل کے پلان کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ انشااللہ اگلے مرحلے میں زرعی جامعہ میں وسیع جامع مسجد کا قیام، مینگو میوزیم کا قیام، 2000لوگوں کیلئے سیمینار ہال اور کئی نئے اکیڈمک بلاکس کا قیام عمل میں لایا جا ئے گا تاکہ زرعی جامعہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ عمارتوں کا جال بچھایا جائے اور اسے انٹر نیشنل جامعہ میں تبدیل کیا جائے۔ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے ودسری بار منتخب ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کثیر جہتی پیشہ ورانہ تعلیم اور تجربہ کے حامل ہیں۔ اُن کی خدمات شعبہ افزائش نسل نباتات و جینیات میں بطور پروفیسر،دفتر تحقیق اختراع و تجارت سازی، میں بطور ڈائریکٹر اور کاروباری افزائشی مرکز جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں بطور ڈائریکٹر قابل ستائش ہیں۔ آپ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری افزائش نسل نباتات و جینیات اور ایم بی اے کی ڈگری انفارمیشن مینجمنٹ۔ مالیکولر جینیات اور شدید دباؤ کے خلاف قوت ِ مدافعت جیسی مہارتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے یونیورسٹی آف کیلی فورنیا۔ امریکہ اور یونیورسٹی آف لیور پول انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور بطور ریسرچر/جزوقتی پروفیسر اپنی خدمات انجام دیں۔ایک محقق اور پیشہ ورانہ اسلوب کے ماہر استاد کے طور پر آپ کی خدمات بھی نمایاں ہیں۔ آپ کے 100سے زیادہ مقالہ جات قومی و بین الاقوامی جرائد کی زینت بنے۔ آپ نے تعلیم و تحقیق پر مبنی دس (10) پی ایچ ڈی اور اسی (80) سے زیادہ ایم فِل کے شاگرد قوم کی خدمت کیلئے سونپے جو گندم، کپاس، مکئی اور سبزیات کے شعبوں میں روائتی اور جدید مالیکولز نباتاتی افزائش میں مصروف عمل ہیں۔اُنہوں نے امریکہ کے ادارے USDA کے ساتھ بطور معاون کام کرتے ہوئے ”تعمیر صلاحیت“ کے مختلف منصوبہ جات پر کام کیا۔ آپ جامعہ زرعیہ کے ممبر سنڈیکیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف پالیسی ساز اور پلاننگ کمیٹیوں کے ممبر رہے ہیں۔آپ خود بھی محقق ہیں اور ہائیرایجوکیشن کمیشن، پنجاب زرعی تحقیقاتی بورڈ، امیریکن ڈویلپمنٹ ایجنسی، اینڈومنٹ فنڈ، آسٹریلیا کے ادارے، بین الاقوامی فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور برطانیہ کے ادارے DFIDکے مسابقت کی بنیاد پر فنڈ کردہ مختلف تحقیقاتی منصوبہ جات پر تحقیقاتی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ المختصر، پروفیسرڈاکٹر آصف علی پاکستان کے ایک ہمہ وقت مصروفِ عمل محقق ہیں اور نمایاں خصوصیات کے بل بوتے پر جامعہ زرعیہ کا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی خوش قسمتی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی بطور وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اپنے محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود ان کے دور میں ہونے والی تعلیم و تحقیق کے شعبہ میں ترقی اور جامعہ کے اس علاقہ کے کسانوں اور کاشتکاروں کو فائدہ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ انشا ء ا للہ آئیندہ بھی جامعہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کی قیادت میں مثبت کام سرانجام دیتی رہے گی۔

ڈاکٹر آصف علی

مزید : ملتان صفحہ آخر