بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا انکار!

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا انکار!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بالآخر واضح فیصلہ کر لیا ہے کہ اس کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے گی اور صرف ٹی 20کھیلنے کے لئے پاکستان جائے گی۔ بنگلہ دیش بورڈ کے چیئرمین نظم الدین نے اجلاس کے بعد اپنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کہا ہے۔ اس سے پہلے وہ کہہ چکے تھے کہ معاملہ ملک کی وزیراعظم پر چھوڑ دیا ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ بورڈ کو حکومت کی طرف سے کلیرنس نہیں ملی اور وزیراعظم حسینہ واجد نے صرف ٹی 20کھیلنے کی اجازت دی ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پاکستان آکر ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے تیار تھے مگر بھلا ہو سیاست کا کہ حکومت نے ایسا نہیں ہونے دیا، اب واضح نظر آ رہا ہے کہ حسینہ واجد نے بھارت کے اشارہ ابرو پر یہ فیصلہ کرایا ہے کہ وہ بھارت کی حمائتی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ابھی کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا البتہ یہ کہا گیا کہ ابھی تو بات میڈیا میں آئی ہے، بنگلہ دیش بورڈ سرکاری طور پر آگاہ کرے گا تو جواب دیا جائے گا، اس سے قبل چیئرمین احسان مانی کہہ چکے ہوئے ہیں کہ سیریز ہر صورت پاکستان میں ہوگی، موجودہ صورت حال کی وجہ سے امکانی طور پر بنگلہ دیش ٹیم کی ٹی 20سیریز کے لئے آمد بھی منسوخ ہو سکتی ہے کہ پاکستان بورڈ نے واضح کر دیا ہوا ہے اور وہ اب کسی ٹیم سے بھی غیر جانبدارانہ مقام پر سیریز نہیں کھیلے گی ایک تاثر یہ بھی دیا گیا کہ پاکستان بورڈ آئی سی سی کے پاس ہرجانے کے لئے مقدمہ بھی کر سکتا ہے۔تاہم سینئر کرکٹرز نے ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یوں اب بنگلہ دیش کی ٹیم کی آمد مخدوش ہو گئی تو پاکستان کو واک اوور مل سکتا ہے اور اس کے حصہ میں فاضل پوائنٹس آ جائیں گے۔ اللہ اللہ خیر سلا!

مزید :

رائے -اداریہ -