حمزہ شہبازکی ضمانت کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی

  حمزہ شہبازکی ضمانت کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس محمد طارق عباسی اور مسٹر جسٹس چودھری مشتاق احمد پرمشتمل ڈویژن بنچ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی نیب مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت سے انکارکردیا۔فاضل بنچ نے مقدمہ کی فائل رجسٹرار آفس کوواپس بھجواتے ہوئے قراردیا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی سماعت مسٹر جسٹس سیدمظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ کرچکاہے،اس لئے مناسب ہوگا کہ ضمانت بعدازگرفتاری کی سماعت بھی وہی بنچ کرے۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاضل بنچ نے حمزہ شہباز کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا یہ مناسب نہیں کہ اس کیس کو اسی بنچ کو بھیج دیا جائے جس نے حمزہ شہباز کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی سماعت کی تھی،حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ آپ کے بنچ نے بھی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منظور کی تھی،جس پر جسٹس طارق عباسی نے کہا کہ وہ درخواست حمزہ شہبازکے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے متعلق تھی،اس لئے مناسب نہیں کہ یہی بنچ ضمانت کی درخواست کی سماعت کرے،اس لئے مناسب ہوگا کہ ان درخواستوں کو سماعت کے لئے مسٹر جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ کوبھیجاجائے،جس نے رمضان شوگرملزکیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت کی پہلی درخواست کی سماعت کی تھی۔

درخواست،سماعت

مزید : صفحہ آخر