ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے 32کروڑ 92لاکھ کے ترقیاتی فنڈز کی منظوری دیدی
لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب حکومت کی ہدایات پر شہر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کردیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 32 کروڑ 92 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔فنڈز کی منظوری ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈ ویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔پی پی 161 میں سیوریج، پی سی سی پائپس کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی مد میں 4 کروڑ 15 لاکھ کی منظوری دی گئی۔پی پی 167 میں سیوریج مسائل کے حل پی سی سی پائپس کی تنصیب کے لیے چار کروڑ 15 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔پی پی 168 میں سیوریج اور پی سی سی پائپس کی تنصیب کے لیے چار کروڑ 15 لاکھ کے فنڈز منظور کر لیے گئے۔پی پی 170 میں نکاسی آب کی سکیموں کے لیے چار کروڑ 15 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ایم سی ایل کی لاری اڈا، تاج باغ، ہربنس پورہ، شاہدرہ سمیت مختلف علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کے لیے تین کروڑ 10 لاکھ کی منظوری دی گئی۔پی پی 161، 167, 168, 170 اور 173 میں سیوریج مسائل کے حل کے لیے 7 کروڑ 80 لاکھ مالیت کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔اقلیتی ڈ ویلپمنٹ پیکج کے تحت آیت کالونی، چاہ میراں، گلبرگ اور چرچز کی مرمت کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔چیف منسٹر سپیشل پیکج کے تحت یوحنا آباد، پیٹر گل کالونی، اور آیت کالونی میں سیوریج اور فٹ پاتھ کی تعمیر و مرمت کے لیے دو کروڑ 26 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے ایم سی ایل کے افسران سے جواب طلبی کر لی ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اہم جائزہ اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔