وزیر انسانی حقوق نے حلقہ 133میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا

 وزیر انسانی حقوق نے حلقہ 133میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے ایم این اے شہنیلا روتھ اور تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کے ہمراہ این اے 133 بہار کالونی،کوٹ لکھپت میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔تفصیل کے مطابق بہار کالونی کوٹ لکھپت کے رہائشیوں کے دیرینہ مسائل میں کئی دہائیوں سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنوں کو تبدیل کرنا شامل تھا مگر سابقہ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا تھا مگر اب 05کروڑ کے فنڈز سے سیوریج کی لائنوں کی تبدیلی اور گلیوں کی پی سی سی کی جائے گی۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہاکہ نئے بھارتی چیف کی دھمکیاں دراصل کشمیر میں جاری جارحیت سے آنکھ چرانا ہے مگر بھارت جان لے کہ ہماری پاک فوج ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہر لمحہ تیا ر ہے۔

 جبکہ پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔ایم این اے شہنیلا روتھ نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے نام پر جو ظلم و ستم کی داستان رقم کی جا رہی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی کیونکہ آج میڈیا جتنا فعال ہے شاید ماضی میں نہیں تھا مگر بھارت جان بوجھ کر کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1