پرویز مشرف کیخلاف آئین سے غداری کا مقدمہ دائر کرنیوالوں کی بدنیتی عیاں ہو گئی: فردوس عاشق

پرویز مشرف کیخلاف آئین سے غداری کا مقدمہ دائر کرنیوالوں کی بدنیتی عیاں ہو ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کی بدنیتی سامنے آ گئی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف کی سزا سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف کی جیت ہے، عدالتی فیصلے سے واضح ہوگیا ملزم کی غیرموجودگی میں ٹرائل اور فیصلہ ہوا، تاہم پرویز مشرف کیس پر لاہورہائیکورٹ نے  انصاف کی فراہمی یقینی بنائی۔انہوں نے کہاکہ سپیشل کورٹ کا اختیار وفاقی حکومت کو حاصل تھا، نواز شریف نے کابینہ کی اجازت کے بغیر سپیشل کورٹس بنائی تھیں جس کا قیام ایک خط کے ذریعے کیا گیا۔میاں نواز شریف کی وائرل تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوا ن نے کہاکہ حکومت نے انسانی ہمدردی کے تحت نوازشریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی مگرووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے سیروتفریح کر رہے ہیں اور لندن سے مختلف تصاویر سامنے آ رہی ہیں اورنوازشریف ہسپتال کی بجائے لندن کے ہوٹلز میں حکومت کیخلاف پلاننگ میں مصروف ہیں اور حامد کرزئی سے ملاقاتیں کرتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ پلیٹ لیٹس کی صورتحال کیا ہے؟ اور ان کی صحت میں کتنی بہتری آئی ہے؟فردوس عاشق اعوان نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات سمگلنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس آئینی دفاع ہوتا تو وہ قرآن پاک کا سہارا نہ لیتے، اگر ہر کسی نے قرآن اٹھا کر کیس لڑنا ہے توعدالتیں بند کر دیتے ہیں۔ایم کیو ایم کے ساتھ حکومت کے معاملات پر معاون خصوصی نے کہا کہ بیگانی شادی میں بھڑکیں مارنے والوں کے جذبات پر اوس پڑگئی، حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم حکومت کی اتحادی تھی اور رہے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش اور عدالت کی مہربانی سے گیس صارفین کو حق ملنے جا رہا ہے۔ جن کو پیسے نہیں ملے، وہ آئندہ ماہ بلوں میں ایڈجسٹ ہو جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کوشاں ہے اور ملک کو مستحکم بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امن کا علمبردار بن کر مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامید ہے کہ خطے سے جنگ کے منڈلاتے بادل جلد چھٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ الیکشن کمیشن عوامی ادارہ ہے، اسے مزید با اختیار بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسر بھی فائدہ اٹھاتے رہے ہیں،بی آئی ایس پی کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی،رواں مالی سال حاصل کردہ ٹیکس2085ارب ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4فیصد زیادہ ہے، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2فیصد، 34فیصد اور 25.6فیصد اضافہ ہوا،اس سال105ارب کے ریفنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال36ارب کے ریفنڈ جاری ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سعید غنی صاحب آپ کی لا علمی پر افسوس ہے،قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ در آمدات کی تعداد21فیصد کم ہوئی،سمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے ٹیکس آسان ایپ متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر،زمین کے لین دین، ودہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں۔

 فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول


loading...