یوکرائن طیارہ حادثہ، ایران متاثرہ مسافروں کے ورثاء کو زرتلافی دینے پر رضا مند

یوکرائن طیارہ حادثہ، ایران متاثرہ مسافروں کے ورثاء کو زرتلافی دینے پر رضا ...

  



تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے یوکرائن طیارہ حادثے کے مسافروں کو زر تلافی دینے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ایران کے مقامی میڈیا کے مطابق مرکزی انشورنس کمپنی کے سربراہ غلام رضا سلیمانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یوکرائن کا جہاز انسانی غلطی کی وجہ سے ایران میں تباہ ہوا جس کی وجہ سے حکومت متاثرین کو ادائیگی کے سلسلے میں اچھا تعاون کرے گی۔انشورنس کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جہاز کو غلطی سے فائر کا نشانہ بنایا گیا، ایران اور یوکرائن اس نقصان پر بات چیت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایران کی مرکزی انشورنس کی کوئی ذمہ داری نہیں لیکن حکومت کو اس بات چیت کے سلسلے میں اپنے ماہرین کی ضرورت پڑسکتی ہے۔غلام رضا سلیمانی کا کہنا تھا کہ ایرانی کمپنیاں بیرون ملک میں اپنے مسافروں کے تحفظ کیلئے انہیں انشورنس جاری کرچکی تھیں لیکن جہاز ایران میں تباہ ہوا، ایرانی جہازوں کو ایران انشورنس فراہم کرتا ہے لیکن اس جہاز کا تعلق یوکرائن سے تھا تو اسے یوکرائن کی انشورنس حاصل تھی۔کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ انہیں جہاز کے انشورنس کے حوالے سے تفصیلات کا علم نہیں، مگر جہاز، مسافر اور دیگر مسائل بھی شامل کیے جانے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ کچھ مسافروں کا تعلق مختلف ممالک اور مختلف انشورنس پالیسیز سے تھا تو امداد کی رقم پر بھی بات چیت کی جانی چاہیے۔

ایران/رضامند

مزید : صفحہ اول