جسٹس قاسم کو سپریم کورٹ کا جج جسٹس مظاہر نقوی کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے پر غور

  جسٹس قاسم کو سپریم کورٹ کا جج جسٹس مظاہر نقوی کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس ...

  



لاہور(سعید چودھری)لاہورہائی کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس محمد قاسم خان کو سپریم کورٹ کا جج جبکہ مسٹر جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کو لاہور ہائی کورٹ کا آئندہ چیف جسٹس مقررکرنے پرغورکیاجارہاہے،ذمہ دار عدالتی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئرججوں سے مشاورت ہورہی ہے،لاہور ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس مامون رشید شیخ اسی سال 18مارچ کو اپنے عہدہ سے ریٹائر ہورہے ہیں جبکہ اس وقت سپریم کورٹ میں ججوں کی ایک نشست خالی ہے جو چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہوئی ہے،ذرائع کے مطابق مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ کو سپریم کورٹ نہیں لے جایارہا،ان کی جگہ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان کو سپریم کورٹ کا جج مقررکرنے پر غورکیا جارہاہے،جس کے بعد مسٹر جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہوں گے اور انہیں لاہورہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقررکیا جائے گا۔مسٹر جسٹس محمد قاسم خان اور مسٹر جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی 19فروری 2010ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج مقررہوئے تھے،مسٹر جسٹس محمد قاسم خان 5جولائی2021ء اورمسٹر جسٹس سید مظاہرعلی اکبر نقوی 31اگست2022ء کو 62سال کی عمر کو پہنچیں گے جو ہائی کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمرہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...