امریکہ ایران کشیدگی میں اضافے سے امن عمل متاثر ہو نے کا خدشہ: شاہ محمود

امریکہ ایران کشیدگی میں اضافے سے امن عمل متاثر ہو نے کا خدشہ: شاہ محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جدہ،اسلام آباد (محمد اکرم اسد، نیوز ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کشیدگی میں اضافے سے افغان امن عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے،خطے میں پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے، معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کرپر امن طریقے سے حل کیا جائے۔ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے، ہمیں تشویش ہے کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ صورتحال  پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دورہ پر سعودی ہم منصب سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں مشرق وسطی میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی  صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ امریکہ اورایران  کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے بیانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے۔سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی "امن کاوشوں " کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت کے دیگر سینئر حکام کے ہمراہ ایران کے ایک روزہ دورے کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تو پاکستانیسفیر راجا علی اعجاز، سعودی وزارتِ خارجہ کے ڈی جی پروٹوکول عبداللہ ال راشد سمیت سفارتخانے کے اعلیٰ حکام کی جانب سے رائل ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔بعدازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے عمان چلے گئے، ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی وزارت خارجہ کے ڈی جی پروٹوکول عبداللہ ایم راشد، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور پاکستانی سفارت خانے کے سنیر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، اپنے دورہ ء عمان کے دوران سلطنت عمان کے سابق فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کے انتقال پر شاہی خاندان سے اظہار تعزیت کریں گے۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا، جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کا حل ہونا چاہئے، پاکستان صرف امن میں حصہ دار بن سکتا ہے، امید ہے ایران درپیش صورتحال سے اپنی روایتی دانشمندی کے ساتھ نبردآزماہو گا، صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود پاکستان امن کے لئے کام جاری رکھے گا، خطے اور دنیا کے اجتماعی مفاد میں ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ ایران اور سعودی عرب سے متعلق دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں خطے کے ممالک کے دورے کے پہلے حصے میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سوموار تک ایران کا دورہ کیا جس کا مقصد کشیدگی وتناؤ میں کمی لانا اور سفارتی ذرائع سے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔ وزیرخارجہ نے ایران صدر کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی جبکہ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف سے الگ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں مشرق وسطی، خلیجی خطے کی صورتحال اور رونما ہونے والے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیرخارجہ نے ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ خوشگوار تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان استوار تاریخی کثیرالجہتی تعلقات کی مزید مضبوطی کے عزم کا اظہارکیا۔ حالیہ واقعات پر پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے انتہائی ضبط وتحمل برتنے اور تمام اطراف سے کشیدگی میں کمی کیلئے فوری اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیرخارجہ نے خطے میں اپنے ہم مناصب سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو سے ایرانی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کشیدگی میں کمی اور جنگ سے بچنے کے حق میں ایک عمومی اتفاق رائے پایاجاتا ہے۔۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان تناؤ اور کشیدگی میں کمی کی ایرانی ترجیح کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ایران درپیش صورتحال سے اپنی روایتی دانشمندی کے ساتھ نبردآزماہو گا۔ وزیرخارجہ نے زوردیا کہ صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود پاکستان امن کے لئے کام جاری رکھے گا کیونکہ یہ خطے اور دنیا کے اجتماعی مفاد میں ہے۔ اس تناظر میں پاکستان سب فریقین پر زوردیتا ہے کہ معاملے میں تعمیری انداز اپنائیں تاکہ امن برقرار رہے جبکہ سفارتی ذرائع سے حل تلاش کیاجائے۔ وزیرخا رجہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت اور اس تنازعہ کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جلد حل کے لئے ایران کی بھرپور و مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ کو سراہا اور اس اہمیت کو اجاگر کیا جو ایران برادر ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیتا ہے۔ ایرانی قیادت نے سفارتی وسیاسی ذرائع سے امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سہولت کاری سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مشہد شہر گئے جہاں انہوں نے حضرت امام رضا کے روضہ اقدس پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
شاہ محمود/دفتر خارجہ

مزید :

صفحہ اول -