پنجاب کاقومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ جیتنا اعزاز ہے: رانااشرف خاں 

پنجاب کاقومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ جیتنا اعزاز ہے: رانااشرف خاں 

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب فٹ بال ٹیم کے مینجر اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق رکن رانا محمد اشرف خاں نے کہا ہے کہ  پنجاب کا قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ میں فیئر پلے ٹرافی حاصل بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائیشزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان اور دیگر ممبران سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے مقابلوں کے انعقاد کی طرح مردوں کی فٹ بال لیگ بھی منعقد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن فٹ بال ٹیم کو قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ میں فیئر ٹرافی حاصل کرنے پر پنجاب حکومت اور پنجاب سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ خواتین  کھلاڑیوں کا مزید مورال بلند ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن پہلے کی طرح قومی انڈر -12 اور انڈر-16 ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے مقابلے کا انعقاد کرے جس سے گراس روٹ  سطح پر ویمن کھلاڑیوں میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن فٹ ٹیم  ماڈل ٹاؤن کلب، کراچی ککرز کلب، سابق قومی چیمپئن دیا کلب کراچی اور قومی چیمپئن پاکستان آرمی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچی تھی جبکہ پنجاب کی ٹیم کو سیمی فائنل میں کراچی یونائیٹڈ کلب اور تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان واپڈا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایک سوال کے جواب میں رانا اشرف نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور دونوں میچوں میں ہماری پانچ خواتین کھلاڑی ان فٹ (زخمی) تھیں۔ انہوں نے کہا کہ  کم وسائل کے باوجود ہم نے ایک ماہ کے عرصے میں ٹیم کھڑی کی اور حکومت پنجاب نے اس سلسلہ میں ہماری معاونت نہیں کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...