بی سی سی آئی کرکٹ ایوارڈز، جسپریت بمرا اور پونم یادیو نے میلہ لوٹ لیا

بی سی سی آئی کرکٹ ایوارڈز، جسپریت بمرا اور پونم یادیو نے میلہ لوٹ لیا

  



 ممبئی(آئی این پی) جسپریت بمرا اور پونم یادیو نے بھارتی کرکٹ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا، 26سالہ فاسٹ بولر کو سیزن 2018-19کے بہترین مرد کرکٹر تسلیم کرتے ہوئے ٹرافی دی گئی۔اتوار کو سجی ایوارڈ تقریب میں پونم یادیو گذشتہ سیزن کی بہترین خاتون پلیئر قرار پائیں،کرس سری کانت اور انجم چوپڑا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیے گئے، دلیپ دوشی کو بی سی سی آئی کا خصوصی ایوارڈ ملا، چتیشور پجارا کا ٹیسٹ میں زیادہ رنزبنانے پراعزاز سے نوازا گیا،ٹیسٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے جسپریت بمرا کی ستائش کی گئی، وہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیزمیں اننگز میں 5 یا زائد شکار کرنے والے پہلے ایشین بولر بنے، گزرے سیزن میں انھوں نے 12 ٹیسٹ میں 62 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔انھیں ٹرافی کے ہمراہ 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا چیک بھی پیش کیا گیا، ون ڈے انٹرنیشنل میں زیادہ رنزبٹورنے والی خاتون کرکٹرسمرتی مندھانا اورکامیاب بولر جھولن گوسوامی کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔

، انٹرنیشنل میں بہترین نووارد کھلاڑی کا اعزازمایانک اگروال کے حصے میں آیا، اسی طرح شیفالی ورما بہترین خاتون ڈیبیو پلیئر قرار پائیں،ممبئی ٹیم کے شیوام دوبے اور دہلی کے نتیش رانا کو رنجی ٹرافی کرکٹ کے بہترین آل رانڈرز کے لالہ امرناتھ ایوارڈز دیے گئے، رنجی ٹرافی میں زیادہ رنز بنانے والے سکم کے ملند کمار اور زیادہ وکٹیں اڑانے والے بہار کے بولر آشوتوش امان کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارمنس کی ٹرافی وداربھا ٹیم کے حصے میں آئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی