گیس قلت پر صنعتکاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں ہے، امتیاز احمد شیخ

گیس قلت پر صنعتکاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں ہے، امتیاز احمد شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے صوبے میں صنعتوں کو درپیش شدید گیس بحران سے پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورتحال پر صنعتکاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور ممتاز صنعتکار سراج قاسم تیلی، جاوید بلوانی اور زبیر موتی والا کو فون کرکے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم اور مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی کو بھی آج فون کرکے سندھ کو درکار گیس کوٹہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور باور کرایا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کی صنعتوں کو بحران سے نکالنے کے لئے صنعتکاروں کے تمام جائز مطالبات کے ساتھ ہے۔ صوبائی وزیر نے آج اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہیں مہمانوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حالیہ گیس بحران وفاقی حکومت کی نااہلی کے سبب پیدا ہوا ہے کیونکہ وزیر اعلی سندھ اپنے صوبے کو ٓآئینی طور پر درکار گیس کوٹے کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزارت پیٹرولیم کو متعدد خطوط لکھ کر سندھ کو درکار گیس کی ضرورت سے پہلے ہی کئی بار آگاہ کرچکے ہیں لیکن وفاق کی جانب سے اس ضمن میں کوئی توجہ نہ دیئے جانے کی وجہ سے صورتحال اس حد تک ابتر ہوگئی ہے کہ آج سندھ کے صنعتکار سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے دروازے پر گیس کی فراہمی کے لئے احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر مہیا کرنے کے دعوے کرنے والی تبدیلی سرکار ملک کے سب سے بڑے صنعتی و تجارتی مرکز کی صنعتوں تک کا پہیہ نہیں چلا پارہی اور سندھ جو پورے ملک کی گیس پیداوار کا 65 فیصد مہیا کرتا ہے اس صوبے کو آئین اور قانون کے مطابق گیس نہیں دے رہی۔اور سندھ کو اس کے منظور شدہ کوٹے سے بھی بہت کم گیس دی جارہی ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے صوبے کے گیس کوٹے کی فراہمی کے لئے مشترکہ مفادات کی کونسل میں بھی آواز اٹھائی لیکن وفاقی حکومت ھمارا کوئی مسئلہ حل کرنے کو تیار نظر نہیں آتی بلکہ وفاقی وزیر توانائی گورنر ہاؤس سندھ میں غلط بیانات دے کر چلے جاتے ھیں۔امتیاز شیخ نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ کی صنعتوں کو درپیش شدید گیس بحران کے حل کے لئے مداخلت کریں اور اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔امتیاز شیخ نے کہا کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے سندھ میں صورتحال اتنی تکلیف دہ ہے کہ گیس کی کمی سے متاثرہ گھریلو صارفین اور سی این جی اسٹیشنز مالکان کے ساتھ ساتھ اب صنعتکار بھی احتجاج کے لئے میدان میں آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس نہیں دی جارہی اور جہاں گیس آتی ھے وہاں بھی پریشر پورا نہیں ہے۔جس کی وجہ سے سندھ کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ کی صنعتوں کو درکار گیس کوٹے کی فوری فراہمی کو ہرصورت یقینی بنائیں تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے اور محنت کشوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جاسکے۔