پنجاب اور برطانیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے: عثمان بزدار

پنجاب اور برطانیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، سرمایہ کاروں کو ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں،پنجاب میں تعلیم،صحت اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور میں سپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان میں ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنرنے شاہی جوڑے  شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے کامیاب دورہ پاکستان خصوصاً لاہور میں شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، سیاحت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اورہم برطانوی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔برطانوی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری پر ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے بے پناہ کام کیا گیا ہے۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ شعبہ صحت میں نئی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے بجٹ میں 35 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں اور ان فنڈز کے کسی اور جگہ یا کسی دوسرے منصوبے میں منتقل کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر ٹیک آف کر چکا ہے اور ہم برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا بہت پوٹینشل ہے۔ پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی ورثہ بے مثال ہے۔ شعبہ سیاحت میں بھی پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شرکت کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے داجل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں بارشوں کی وجہ سے پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ، پولیس اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے 24 گھنٹے چوکس رہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو برفباری اورشدید بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے تیار ہے اورپنجاب حکومت بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں کیلئے تعاون کیلئے حاضر ہے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول