بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے
بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چمن(ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان میں شدید برف باری کے بعد کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کان مہترزئی میں برف باری کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو ایف سی قلعہ، لیویز لائن سرکٹ ہاؤس اور لیویز اہلکاروں کے مکانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن آج صبح چار بجے مکمل ہو گیا ہے، برف باری میں پھنسی 100 سے زائد گاڑیوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، ریسکیو کیے گئے افراد کو مختلف گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا، ریسکیو آپریشن میں پی ڈی ایم اے، ایف سی، لیویز اور ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا۔
قلات، زیارت، چمن، دشت کمبیلا اور مستونگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید برف باری سے شہری محصور ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف شہری کہتے ہیں کوئٹہ مری سے کم نہیں، اتنی برف پہلے نہیں پڑی، پیرچناسی پر سفید موتی گرے، سیاحوں نے سیلیفیاں بنائیں۔
چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، کوڑک ٹاپ پر 2 فٹ برف پڑی، برف جم جانے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ قلعہ عبداللہ، گلستان۔ پشین، سرانان، مسلم باغ سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایف سی اور لیویز کے آفسران اور اہل کار بھی کوڑک ٹاپ سے برف ہٹانے کے امدادی سرگرمیوں اور پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف عمل رہے۔
چاغی، ماشکیل میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو کھانا، راشن، گرم کپڑے، کمبل اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا۔