’میں نے قسم اٹھادی، شہریار آفریدی قرآن پر حلف دیں ‘ رانا ثناءاللہ نے قومی اسمبلی میں قرآن پاک منگوانے کا مطالبہ کردیا

’میں نے قسم اٹھادی، شہریار آفریدی قرآن پر حلف دیں ‘ رانا ثناءاللہ نے قومی ...
’میں نے قسم اٹھادی، شہریار آفریدی قرآن پر حلف دیں ‘ رانا ثناءاللہ نے قومی اسمبلی میں قرآن پاک منگوانے کا مطالبہ کردیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ خان نے شہریار آفریدی کو چیلنج کردیا، کہا کہ شہریار آفریدی قرآن پاک پر حلف اٹھاکر مجھ پر لگے الزامات کی تصدیق کردیں۔ انہوں نے سپیکر سے درخواست کی کہ ایوان میں قرآن مجید منگوایا جائے تاکہ شہریار آفریدی سے قسم لی جاسکے۔

وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ نے قسم سے متعلق طریقہ کار وضع کیا ہے اور کہا ہے کہ جو بھی قسم کھاتا ہے وہ اللہ کے نام کی قسم کھائے اور کہے کہ اگر میں جھوٹ بولوں تو اللہ کا قہر اور غضب مجھ پر نازل ہو۔ اللہ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اگر کوئی اس کی بات کو جھٹلانا چاہتا ہو تو وہ بھی اسی طرح قسم کھائے۔

رانا ثناءاللہ نے ایک بار پھر ایوان میں قسم کھاتے ہوئے کہا ’ میں نے زندگی میں کسی ہیروئن فروش یا ڈرگ فروش سے کوئی تعلق رکھا ہو یا کسی کی ایک مرتبہ سفارش کی ہو تو اللہ تعالیٰ کا قہر اور غضب مجھ پر نازل ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ شہریار آفرید کو بھی حقیقت معلوم ہے لیکن یہ جذباتی انداز اختیار کرکے اپنے آپ کو اس بات سے نکالنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ سچے ہیں تو یہ بھی اس ایوان کے سامنے اللہ کو حاضر ناظر جان کر قسم اٹھائیں۔

رانا ثناءاللہ نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ ایوان میں قرآن مجید منگوایا جائے جس پر شہریار آفریدی قسم اٹھائیں، جس کے بعد اللہ کی ذات ہمارے درمیان فیصلہ کردے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ جس دن انہیں اے این ایف کے لوگوں نے گرفتار کیا اور16 گھنٹے تک تھانے میں رکھا گیا ، اگر اے این ایف والوں نے ہیروئن برآمدگی سے متعلق ہی کوئی بات کی ہو تو اللہ کا قہر اور غضب مجھ پر نازل ہو، اس بات کا پتا اس وقت لگا جب انہوں نے عدالت میں مقدمہ پیش کیا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کسی بھی پراسیکیوشن میں اہم ترین چیز تفتیش ہے لیکن اس مقدمے میں کوئی تفتیش نہیں ہوئی۔ کہا گیا کہ ایک گروہ افغانستان سے فیصل آباد مجھ تک ہیروئن پہنچاتا ہے ، میں وہ ہیروئن لاہور پہنچاتا ہوں اور بعد ازاں لاہور کا گروہ پوری دنیا میں ہیروئن سمگل کرتا ہے۔ میں 6 مہینے جیل میں رہا ہوں، اس عرصے کے دوران اس گروہ کے 10 سے 15 لوگ پکڑے جانے چاہئیں تھے لیکن ایک بندہ بھی گرفتار نہیں ہوا۔

رانا ثناءاللہ جب تقریر کیلئے اٹھے تو ایوان میں ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے نعرے بازی شروع ہوگئی جس کی وضاحت کرتے ہوئے لیگی رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ماڈل ٹاﺅن کا مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت ہے، اس میں 136 لوگوں کو عدالت نے طلب کیا اور ان کا ٹرائل ہورہا ہے ، مجھ سمیت 15 سیاستدانوں کو عدالت نے طلب نہیں کیا۔ عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ فریقین کیلئے قابل قبول ہوگا۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی


loading...