رانا ثناءاللہ کا شہریار آفریدی سے قرآن پر حلف لینے کا مطالبہ ، خواجہ آصف قرآن لے آئے، پھر کیا ہوا؟ قومی اسمبلی سے بڑی خبر آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی کا اجلاس اس وقت 10 منٹ کیلئے ملتوی کرنا پڑ گیا جب قسم کے معاملے پر رانا ثناءاللہ اور شہریار آفریدی میں تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ خان نے سپیکر کے فرائض سرانجام دینے والے سید فخر امام سے مطالبہ کیا کہ ایوان میں قرآنِ کریم منگوایا جائے جس پر شہریار آفریدی سے میرے خلاف ہیروئن کے مقدمے کے حوالے سے حلف لیا جائے۔
سپیکر نے شہریار آفریدی کے خطاب کو ذاتی وضاحت قرار دے کر معاملہ رفع دفع کرادیا لیکن خواجہ آصف نے ایسا ہونے نہیں دیا۔نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق خواجہ آصف ایوان سے باہر گئے اور قرآن پاک لا کر رانا ثناءاللہ کو دے دیا۔ رانا ثناءاللہ نے چیلنج کیا تو شہریا ر آفریدی نے ان کے ہاتھ سے قرآن پاک لے لیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر جواب دینے کو تیار ہیں۔ اسی دوران رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی شہریار آفریدی کے ہاتھ سے قرآن مجید لے کر ایوان سے باہر چلے گئے۔ سپیکر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں 10 منٹ کا وقفہ کردیا۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سماءنیوز کے مطابق رانا ثناءاللہ کے چیلنج پر وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی جذباتی ہوگئے اور خود ہی ایوان میں قرآن مجید لے کر آگئے۔ حکومتی ارکان نے بڑی مشکل سے شہریار آفریدی کو قابو کیا ۔