آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرکانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں داخلی سلامتی ،سرحدی اور ایل او سی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر ایران امریکہ تنازعے کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان اہم شراکت دار ہے ،پاکستان نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا ، مادر وطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کسی قیمت پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔