بوگس ڈپلومہ، مسلسل غیر حاضری پر جنرل ہسپتال کے 2ملازمین بر طرف
لاہور(جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال میں جعلی ڈپلومہ پر بھرتی اور مسلسل غیر حاضری پر 2ملازمین نوکری سے بر طرف۔ اس حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ جعلی کاغذات کا سہارا لے کر ملازمت کے دوران تنخواہیں وصول کرنے والے ملازم نے قومی خزانے کو جو نقصان پہنچایا ہے اُس سے ایک ایک پائی واپس لے کر سرکاری خزانے میں جمع کروائیں گے۔ مدثر حبیب 12اگست2009کو گیسٹرو سکوپی اسسٹنٹ بھرتی ہوا تھا جس ڈپلومہ کی بنیاد پر اُس نے ملازمت حاصل کی تھی حکومتی پالیسی کے مطابق پنجاب میڈیکل فیکلٹی سے تصدیق کروانے پرمدثر حبیب کا ڈپلومہ جعلی نکلا جس پر فوری طور پر اُس کو ملازمت سے بر طرف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ محمد افراز افراہیم ریڈیو گرافر جو یکم مئی 2020سے مسلسل غیر حاضر تھا جس کو ضابطے کی مکمل کاروائی کرنے کے بعد اسے بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھوکہ دہی اور جعلسازی سے بھرتی ہونے والے عناصر کسی بھی رعائیت کے مستحق نہیں ہو سکتے اور اُن کے خلاف فوری محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں گے۔ایم ایس جنرل ہسپتال نے کہاکہ ملازمین کی تعلیمی اسناد /سرٹیفکیٹ /ڈپلومہ کی ترجیحی بنیادوں پر تصدیق کروا رہے ہیں اور جہاں کہیں بھی دھوکہ دہی اور بوگس کاغذات پائے گئے وہاں مروجہ اصولوں کے مطابق سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور فوری ایکشن ہوگا۔