جنوبی افریقہ سے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کل ہوگا

جنوبی افریقہ سے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کل ہوگا

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کیلئے قومی ٹیم کے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان 15 جنوری کو کیا جائے گا، ان میں سے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب پہلے ٹیسٹ سے کچھ روز قبل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے جو 26 جنوری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے بائیو سیکیور ببل میں چلے جائیں گے۔محمد وسیم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سکواڈ کے انتخاب کیلئے ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کیساتھ مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچز کیساتھ ہونے والی میٹنگ کے دوران نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا اندازہ لگایا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے والے ایسے کھلاڑیوں سے متعلق بھی گفتگو کی گئی جو سائیڈ میچز کیلئے منتخب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ٹیم مینجمنٹ کی ضروریات کے مطابق ٹیم منتخب کرنے کی کوشش کریں گے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے مزید کہا کہ سکواڈ کا اعلان کرنے سے پہلے ایک مرتبہ پھر ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچز کیساتھ مشاورت کریں گے تاکہ بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکیں جو میدان میں اچھی کارکردگی اور نتائج دے سکے

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -