اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے طرز پر ہر صوبے میں کمیشن بنائینگے، زلفی بخاری
لاہور(لیڈی رپورٹر)وائس چیئرپرسن اوور سیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب چوہدری وسیم اختر نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید زلفی بخاری سے خصوصی ملاقات کی اور اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل و شکایات کو مزید سرعت اور احسن انداز میں حل کیے جانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے جلد حل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے طرز پر ہر صوبے میں کمیشن بنائیں گے اور اس سلسلے میں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اس کے علاوہ بیوروکریسی اور انتظامیہ کے رویے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی سید زلفی بخاری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کو مطلع کیا جائے گا۔ ملاقات میں یہ بھی طے کیاگیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنے کیلئے اوورسیز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا او پی سی کے کمشنر کو مجسٹریٹ کے اختیارات دلوانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وی سی او پی سی چوہدری وسیم اختر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مختلف عدالتوں میں زیر التواء کیسز کی بھی جلد سماعت اور ان کے حل کیلئے فاسٹ ٹریک میکانزم وضع کیا جا چکا ہے اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید زلفی بخاری نے وی سی او پی سی چوہدری وسیم اختر اور ان کی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
زلفی بخاری