سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس مزید 169.92پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر 22پوائنٹس سستا، سونا 300روپے تولہ مہنگا

      سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس مزید 169.92پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر 22پوائنٹس ...

  

 کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اورکے ایس ای 100انڈیکس32ماہ بعد 46ہزار کی نفسیاتی حد کو عبورکرتے ہوئے مزید169.92پوائنٹس کے اضافے سے46091.96پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیاجب کہ 54.23فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 1 ارب 98 کروڑ 1 لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 2.34فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کار تیل وگیس،بینکنگ سیکٹر کے حصص کی خریداری میں سرگرم رہے جس کے باعث زبردست تیزی  دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 46315پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے سبب 46300،46200اور46100کی نفسیاتی حدیں برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی آخر تک غالب رہی اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس169.92پوائنٹس کے اضافے سے46091.96پوائنٹس پر بند ہوا جو گزشتہ 32ماہ کی بلند ترین سطح ہے،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس74.02پوائنٹس کے اضافے سے19286.15پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 5.07پوائنٹس کے اضافے سے32064.18پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر437کمپنیوں کا کاروربار ہوا جس میں سے 237کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،183میں کمی اور 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 83کھرب 54ارب 42کروڑ37لاکھ روپے سے بڑھ کر83کھرب56ارب40کروڑ38لاکھ روپے ہوگئی۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبا ر سے نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت74.60روپے کے اضافے سے6735روپے اورسیپ ہائر فائبر68روپے کے اضافے سے988روپے ہوگئی جب کہ کولگیٹ پامولو 100روپے کی کمی سے 3100روپے اوربہانیرو ٹیکس کے حصص66.55روپے کی کمی سے 585.44روپے ہوگئی۔مقامی کرنسی مارکیٹوں میں بدھ کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی اور انٹر بینک ڈالرکی قدر22پیسے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر10پیسے سستا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید22پیسے کی کمی سے160.32روپے سے گھٹ کر160.10روپے اور قیمت فروخت160.52روپے سے گھٹ کر160.30روپے ہو گئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کی کمی سے160.20روپے سے گھٹ کر160.10روپے ہوگئی اور قیمت فروخت160.40روپے مستحکم رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 193.50روپے سے بڑھ کر193.80روپے اور قیمت فروخت195.50روپے سے بڑھ کر195.80روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید216روپے سے  بڑھ کر218روپے اور قیمت فروخت218روپے سے بڑھ کر220روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید100روپے کے اضافے سے1لاکھ13ہزار400روپے ہوگئی۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5ڈالرکی کمی سے1855ڈالر ہوگئی تاہم اس کے برعکس مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا اور ایک تولہ سونے کی قیمت 100روپے کے اضافے سے1لاکھ13ہزار400روپے ہو گئی اسی طرح85روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 97ہزار222روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت1300روپے مستحکم رہی۔

مزید :

صفحہ آخر -